رمضان کے دوسرا عشرہ: افراط زر میں 0.30 فیصد اضافہ، 18 اشیا کی قیمتیں بڑھیں: ادارہ شماریات
کراچی(آن لائن)ملک میں گزشتہ ہفتے یعنی رمضان کے دوسرے عشرے میں حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر افراط زر کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.30 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر0.14 فیصد کا اضافہ ہوا۔ پاکستان بیورو شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 2جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 8 ہزار روپے ماہانہ تک کمانے والے افراد کے لیے حساس قیمتوں کے اشاریے پر مبنی افراط زر کی شرح میں 0.23 فیصد اور 35ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کے لیے مہنگائی کی شرح میں 0.32 فیصد کا اضافہ ہوا۔ بیورو شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے 18اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ ہوا جن میں زندہ برائیلر مرغی کی قیمت6.57 فیصد کے اضافے سے 181.61 روپے فی کلوگرام اور کیلے 1.75 فیصد اضافے سے 104.31، انڈے1.37 فیصد اضافے سے 85.09 روپے فی درجن، چینی 1.07 فیصد بڑھ کر 65.42، دال چنا 0.87 فیصد اضافے سے 102.18، گڑ 0.73 فیصد اضافے سے 91.22 روپے فی کلوگرام، نمک کھلا (لاہوری)0.49 فیصد اضافے سے 10.29 روپے فی کلو، آٹا 0.36 فیصد اضافے سے 377.80 روپے فی 10کلو، ایل پی جی (گھریلو) سلنڈر0.33 فیصد اضافے سے 1074.59 روپے فی 11کلوگرام، گندم 0.25 فیصد اضافے سے 327.85 روپے فی 10کلوگرام، چائے کی پتی 0.20 فیصد اضافے سے155.08 روپے فی200گرام، خشک دودھ 0.17فیصد بڑھ کر 356.47 روپے فی 400گرام، نہانے کا صابن 0.16 فیصد کے اضافے سے 36.47 روپے فی عدد، سرسوں کا تیل 0.08فیصد بڑھ کر 178.70 روپے فی کلوگرام، گائے کا گوشت 0.05فیصد کے اضافے سے 305.20 روپے فی کلوگرام اور لہسن0.02فیصد کے اضافے سے 143.67 روپے فی کلوگرام ہوگیا۔ اس کے علاوہ سگریٹ کی قیمت بھی بڑھی۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے صرف6اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر کمی ہوئی جن میں پیاز، آلو، دال مونگ، دال مسور، دال ماش اور سرخ مرچ پسی ہوئی شامل ہیں۔ گزشتہ ہفتے چاول، تازہ دودھ، دہی، سادہ بریڈ سمیت 29اشیا کی قیمتوں برقرار رہیں۔