• news

لوڈشیڈنگ جاری‘ پشاور میں دفتر پر حملہ‘ گرمی سے مزید تین جاں بحق‘ لاہور گردنواح میں رات کو طوفانی بارش

لاہور+پشاور+اسلام آباد+(نیوز رپورٹر+سٹی رپورٹر+نامہ نگاران+نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز جاری رہا جس پر کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے پشاور میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے ستائے ہوئے شہریوں نے پیسکو آفس پر حملہ کردیا اور اس میں گھس کر توڑ پھوڑ کی جبکہ شدید گرمی کے باعث گزشتہ روز مزید 3افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ کئی افراد بیہوش ہوگئے۔ ادھر پشاور سمیت خیبر پی کے کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہربرقرار رہی، سڑکیں ویران جبکہ کاروبار زندگی معطل ہوکر رہ گیا۔ ہیٹ سٹروک کے باعث بیسیوں افراد بے ہوش ہوگئے جنہیں ہسپتال داخل کرادیا گیا۔ صوبائی محکمہ صحت نے شدید گرمی کے باعث ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ جبکہ لاہور اور گردونواح میں رات کے وقت طوفانی بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے سیالکوٹ میں بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گرنے سے 4 سالہ بچہ دم توڑ گیا۔ گزشتہ روز مون سون کی پہلی بارش ہوئی۔ ادھر پشاور میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے ستائے روزہ داروں نے پیسکو آفس میں توڑ پھوڑ کی اور آفس فرنیچر سمیت کمپیوٹر اور دیگرآلات توڑ دیئے۔ مظاہرین نے وزیر اعلی پرویز خٹک کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے کے دوران ایک شخص گرمی کے باعث بے ہوش ہو گیا۔ مظاہرین نے پتھر رکھ کر جی ٹی روڈ کو بلاک کر دیا جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ مظاہرے کے دوران پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، جس نے صورتحال پر قابو پایا۔ عارف والا سے نامہ نگار کے مطابق عارفوالا گردونواح مےں بجلی کی غےر اعلانےہ لوڈ شےڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جبکہ شدےد گرمی و حبس سے اےک شخص اللہ جوایا جاں بحق اور درجنوں بے ہوش ہوگئے۔ دیپالپور سے نامہ نگار کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عروج پرپہنچ گئی شدید گرمی اور حبس سے معمر شخص احمد دین جاںبحق ہوگیا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گرمی اور حبس نے مزید ایک شہری کی جان لے لی۔ ملتان کا رہائشی عاشق علی مقامی فیکٹری میں کام کرتے ہوئے گرمی کی شدت برداشت نہ کرتے ہوئے چل بسا۔ پیر محل سے نامہ نگار کے مطابق غیر اعلانیہ بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف صارفین کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا۔ متعدد دیہات کے سینکڑوں صارفین نے سڑک کو بلاک کر کے شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے سینہ کوبی کی۔ متعدد دیہات کے سینکڑوں صارفین ڈنڈے اور سوٹے اٹھائے گھروں سے نکل آئے اور ملتان روڈ پر رات کی تاریکی کی پرواہ کئے بنا رکاوٹیں کھڑی کر کے سڑک بلاک کردی اور شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے سینہ کوبی شروع کر دی۔ آن لائن کے مطابق بوزہ خیل سورانی اور ڈومیل کے سینکڑوں مظاہرین نے بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، گرڈ سٹیشن کے سامنے بنوں کوہاٹ روڈ کو ہر قسم ٹریفک کیلئے بند کردیا اور وفاقی اور صوبائی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کرتے رہے۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور اور گردونواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور گرمی سے بچے، بوڑھے اور خواتین نڈھال ہوگئے۔ شہری جگہ جگہ احتجاج کرتے رہے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق سحری ، افطاری اور نماز تراویح کے دوران بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستورجاری رہا شدید گرمی اور حبس میں روزہ دار بلبلا اٹھے۔ شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 جبکہ دیہات میں 16 گھنٹے سے بھی تجاوز کرجانے کے باعث کاروباری زندگی بری طرح مفلوج ہوکر رہ گئی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ اور گردونواح میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری رہی جس پر شہری بلبلا اٹھے۔گرمی کی شدت میں معمولی اضافہ کے ساتھ ہی گیپکو کی طرف سے بدترین غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ ایک بار پھر سے زور پکڑ گیا جس کے دوران شہریوں کوسحر اور افطار کے اوقات میں بھی بدترین بندش کاسامنا ہے دوسے تین گھنٹوںکی مسلسل لوڈشیڈنگ نے معمولات زندگی جام کرکے رکھ دیئے شہریوں نے بدترین لوڈشیڈنگ پرشدیداحتجاج کیا ہے۔ صفدرآباد سے نامہ نگار کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شہریوں نے زبردست احتجاج کیا ہے علاقے میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے تک ہوگیا ہے گرمی کی شدت میں بجلی کی بندش سے تمام روزہ دار بچے، بوڑھے جوان نڈھال ہوگئے۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ سے لوگ بے حال ہوگئے اور سراپا احتجاج بن گئے شہریوں کو روزے کی حالت میں شدید مشکلات سے دوچارہونا پڑ رہا ہے۔ سانگلہ ہل سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا برا حال کردیا، کئی خواتین اور معمر افراد بیہوش ہوگئے۔ سحری اور افطاری کے وقت بھی بجلی بند کی جاتی رہی جس پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ بدوملہی سے نامہ نگار کے مطابق سحری و افطارکے موقع پر بھی طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ پبی سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کے دوران مظاہرین نے سب ڈویژن تھری آفس میں توڑ پھوڑ کی اور جی ٹی روڈ کو کئی گھنٹے تک بلاک رکھا جس کے باعث گاڑیوں میں سوار کئی افراد بیہوش ہوگئے جبکہ ایک مریضہ ایمبولینس میں دم توڑ گئی۔ علاوہ ازیں وزارت پانی و بجلی نے کہا ہے کہ نندی پور پاور پراجیکٹ سے 422 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے ۔ یہ پہلا موقع ہے نندی پور پاور پراجیکٹ کی چاروں ٹربائنز کام کررہی ہیں۔ نندی پاور پراجیکٹ کی مجموعی صلاحیت 425 میگاواٹ ہے۔ علاوہ ازیں لاہور میں رات کے وقت ہونیوالی بارش کے باعث موسم قدرے خوشگوار ہوگیا۔ لاہورمیں گزشتہ روز 8گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی گئی، بتایا گیا ہے کہ لیسکو کو4300 میگاواٹ بجلی درکار ہے مگر نیشنل گرڈ سے 3050 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگارکے مطابق بارش کے باعث سمبڑیال کے اسماعیل کے مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجہ میں اسماعیل کا چار سالہ بیٹا اسد اسماعیل چھت کے نیچے دب کر جاں بحق ہوگیا۔ ادھر میانوالی اورگردونواح میں تیز ہواﺅں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ بجلی کی ترسیل کا نظام درہم برہم جبکہ موسم خوشگوار ہوگیا۔ علاوہ ازیں لاہور سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ پیر کی رات ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ سڑکوں پر بڑی مقدار میں بارش کا پانی کھڑے ہونے سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے 48 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے اضلاع گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، میں اکثر مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ علاوہ ازیں شہر کے مختلف علاقوں مےں طوفانی بارش کے باعث موٹر سائیکل سے گر کر اورسائن بورڈ گرنے سے خاتون سمیت6 افراد زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹےموں نے موقع پر پہنچ کر زخمےوں کو ہسپتال پہنچا دےا۔ جہاں دو افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔ سندر کے علاقہ مےں راشد علی اپنی بیوی کے ہمر اہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل سلپ ہونے سے دونوں میاں بیوی شدید زخمی ہو گئے۔ جبکہ باٹا پور اور راوی روڈ پر سائن بورڈ گرنے سے راہگےر سجاد وغےرہ 4افراد زخمی ہوگئے ۔
لوڈشیڈنگ

ای پیپر-دی نیشن