قومی انڈر16 فٹبال چیمپئن شپ فیصل آباد، ساہیوال زون نے جیت لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی انڈر 16فٹ بال چیمپئن شپ 2015 فیصل آباد۔ساہیوال زون کی فتح پر اختتام پزیر ہو گئی۔ فائنل میچ میں فیصل آباد نے سندھ کو صفر کے مقابلے دو گول سے شکست دی۔ فیصل آباد ۔ساہیوال زون کی طرف سے اکبر علی نے پہلا جبکہ سیف الرحمٰن نے دوسرا گول کیا۔سپورٹس کمپلیکس ملتان میں 25 جون سے 5 جولائی تک کھیلی جانے والی چیمپئین شپ میںپنجاب ، سندھ، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، کراچی گرین، فیصل آباد ۔ساہیوال زون، کوئٹہ زون، گلگت بلتستان اور میزبان ملتان کی ٹیمیں شامل ہیں۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی مخدوم فیصل صالح حیات صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن تھے جنہیں اس موقع پر سونے کا تاج پہنایا گیا۔ اس موقع پر پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر خان، ملک عامر ڈوگر ایم این اے ، سپانسر ادارے ملتان ریجن کے ہیڈ عدنان قریشی، ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ملتان کی روح رواں اور صدر میاں جاوید قریشی اور پی ایف ایف کے ڈائیریکٹر ڈویلپمنٹ و کمپیٹیشنزپرویز سعید میر اور پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے دیگر کئی کانگریس ارکان بھی موجود تھے۔