• news

لاہور سے مسلم لیگی ارکان صوبائی اسمبلی کیلئے اڑھائی کروڑ فی حلقہ ترقیاتی فنڈز جاری

لاہور (سید شعیب الدین سے) صوبائی حکومت نے لاہور کے 25 صوبائی حلقوں کیلئے نیا سال شروع ہوتے ہی جولائی کے پہلے ہفتے میں اڑھائی کروڑ روپے فی حلقہ جاری کردئیے۔ مسلم لیگ (ن) کے 22 صوبائی اسمبلی کے نمائندوں اور تین حلقوں میں تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی سے شکست کھانے والے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈرز سے انکے حلقوں کے حوالے سے ترقیاتی سکیمیں لے لی گئی ہیں اور اخبارات میں ٹینڈر اشتہارات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے تاکہ رواں ماہ کے دوران یہ عمل مکمل کرکے اگست کے مہینے میں شہر کے تمام 25 صوبائی حلقوں میں ہرطرف ترقیاتی کام ہوتے دکھائی دیں۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر پنجاب میں 20 ستمبر کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ گزشتہ ماہ گلگت بلتستان کے انتخابات سے پہلے وہاں وزیراعظم پاکستان سے میگاپراجیکٹس کے اعلان پر پی ٹی آئی کی قیادت نے ان ترقیاتی کاموں کے اعلان کو ایک طرح کی انتخابی بدعنوانی قرار دیا تھا۔ اس بارے میں مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر اور رکن قومی اسمبلی پرویز ملک نے کہا کہ انتخابی شیڈول کے آنے سے پہلے ترقیاتی کام کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ لاہور میں اگر ترقیاتی کام ہورہے ہیں تو یہ معمول کے ترقیاتی کام ہیں جو ہر سال ہوتے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ حکومت کے جولائی کے پہلے ہفتے میں جلد بازی میں ترقیاتی کام شروع کرنے کی مذمت کرتے ہیں اس بارے الیکشن کمشن کو درخواست دیں گے اور عدالت میں بھی رٹ دائر کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن