بینظیر قتل کیس میں ان کے سابق سکیورٹی انچارج میجر امتیاز کا بیان ریکارڈ
راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ)انسداد دہشت گردی کی خصو صی عدالت کے جج رائے ایوب خان مارتھ نے سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو قتل کیس میں ان کے سابق سکیورٹی انچارج میجر (ر) امتیاز کا بیان ریکارڈ کر کے سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی عدالت نے کیس کے گواہ سابق ڈی جی آئی بی بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ کو بھی آئندہ سماعت پر بیان کیلئے طلب کر لیا ہے اور گواہی کے پابند بینظیر بھٹو شہیدکے سابق ڈرائیور جاوید الرحمن کی عدم حاضری پر اسکے بذریعہ ایس ایس پی اسلام آباد وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ پیر کے روز اڈیالہ جیل میں سماعت شروع ہوئی تو کیس کے اہم گواہ میجر (ر) امتیاز پیش ہوئے جنہوں نے اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا دوران سماعت گواہ کی آنکھوں میں آنسو رواں تھے اس موقع پر وکلاء نے ان پر جزوی جرح بھی کی جبکہ اگلی پیشی پر دیگر وکلاء بھی ان پر جرح کریں گے۔