گجرات: پٹواری کا ستایا شہری 5 بچوں سمیت خودکشی کرنے کیلئے واٹر ٹینکی پر چڑھ گیا
گجرات (نامہ نگار) پانچ بچوں سمیت پٹواری کا ستایا شہری 200 فٹ اونچی واٹر ٹینکی سے کودنے کیلئے چڑھ گیا۔ تین گھنٹے کے مذاکرات کے بعد انتظامیہ نے پانچ بچوں سمیت نیچے اتار لیا۔ تفصیل کے مطابق محلہ سردار پورہ کے رہائشی سعودی عرب میں مقیم ناصر اعوان کے والد نے کروڑوں روپے مالیت کی 52 مرلے اراضی خریدی اورچار دیوار ی تعمیر کر دی مگر جب دکانیں تعمیر کرنے کیلئے کام شروع کروایا تو محکمہ مال نے تعمیر کرنے سے روکدیا اور بتایا کہ اُسکی اراضی 35 سال قبل 1980میں محکمہ نے بائی پاس کیلئے ایکوائر کر لی تھی۔ ناصر اعوان نے جمع پونجی لٹنے پرانصاف کیلئے اینٹی کرپشن گجرات، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ، ڈی جی اینٹی کرپشن کے دروازے کھٹکھٹائے تو انہوں نے حلقہ کے پٹواری طالب حسین کوگنہگار اور مردہ قرار دے کر اپنی جان خلاصی کروالی آئی جی پنجاب مشتاق سیکھرا نے ڈی پی اوگجرات کو انکوائری کے احکامات جاری کیئے تو ٹیم نے انکشاف کیا کہ اینٹی کرپشن کی جانب سے مردہ قرار دیا گیا گلشن کالونی گجرات کا رہائشی پٹواری طالب حسین اور اراضی فروخت کرنے والے تمام کردار زندہ ہیں۔ ناصر اعوان کا کہنا ہے کہ وہ 16سال سے سرکاری دفاتر میں انصاف کے حصول کیلئے دھکے کھارہا ہے مگر اُسکی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی تھی اس لئے اُس نے پٹرول اور بچے ساتھ لیکر خودکشی کیلئے واٹر ٹینکی پر چڑھ گیا انتظامیہ نے ناصر اعوان کو یقین دلایا کے اُسکی اراضی ہتھیانے والے پٹواری، گرداور سمیت تمام افراد کیخلاف قانونی چارہ جوئی ہو گئی۔