مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی 48ویں برسی کل منائی جائیگی
لاہور(خصوصی رپورٹر) مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 48 ویں برسی کل جمعرات کو منائی جائے گی۔ وہ 9 جولائی 1967ء کو انتقال کرگئی تھیں۔ مادر ملت کی برسی کے موقع پر مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کے زیراہتمام لاہور آفس میں قرآن خوانی ہوگی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی اور صدر لاہور شائستہ ملک مادر ملت کی تحریک پاکستان میں خدمات پر روشنی ڈالیں گی۔ مسلم لیگ (ق) لاہور کی صدر آمنہ الفت نے بتایا کہ مسلم لیگ ہائوس ڈیوس روڈ پر مادر ملت کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب ہوگی اور ان کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی بھی کی جائے گی۔ مختلف سماجی تنظیمیں بھی تقاریب کا اہتمام کریں گی جن میں مادر ملت کی تحریک پاکستان میں خدمات کو یاد کیا جائے گا۔ اخبارات میں خصوصی ایڈیشن کے ذریعے محترمہ فاطمہ جناح کی قیام پاکستان کیلئے جدوجہد اور قربانیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔