قومی ہاکی ٹیم کے کپتان، مینجمنٹ کو آج طلب کر لیا : ریاض حسین پیرزادہ
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے قومی ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا سخت نوٹس لیا ہے۔آج ٹیم کے کپتان اور مینجمنٹ کو طلب کیا ہے، ہمیں کھیلوں کی فیڈریشنز کے معاملات ٹھیک کرنا ہوں گے۔ ایوان بالا میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق کی طرف سے ہاکی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے نکتہ کے جواب میں میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ کپتان کی مدد سے ہم اس معاملے کی تحقیقات کر کے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کر دیں گے۔ سپورٹس فیڈریشنز کے معاملات سب کے سامنے ہیں، یہ بعض وقات حکومتوں کے کنٹرول میں بھی نہیں رہتیں، اس حوالے سے قانون بھی بنایا جائے گا۔ قوم کی امیدوں کے ساتھ کھیلوں کو فروغ دیا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم نے کرکٹ کے میدان میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا، یونس خان نے بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وہ پاکستانی ٹیم کے انتہائی باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور انہیں پاکستانی ٹیم کا کپتان ہونا چاہئے تھا۔ ہم بین الاقوامی ٹیموں کو ملک میں واپس لانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے لیکن ہاکی ٹیم نے پوری قوم کو مایوس کیا ہے۔ وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کا فٹبال فیڈریشن کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں، ہم نے دو گروپوں کی لڑائی کے معاملے پر فیفا کو خطوط تحریر کئے ہیں۔