3 خودکشیاں: فیکٹری ایریا میں 15 سالہ لڑکی نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار لی
لاہور + فیروزوالہ (نامہ نگار+ نمائندگان) مختلف واقعات میں 15 سالہ لڑکی، شادی شدہ خاتون اور نوجوان نے گھریلو حالات سے تنگ آکر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ فیکٹری ایریا کے علاقہ مدینہ کالونی کے رہائشی جمیل کی 15 سالہ بیٹی آمنہ نے گزشتہ روز مبینہ طور پر اپنے والد کے لائسنسی پستول سے اپنی کنپٹی پر گولی مار کر خودکشی کرلی۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے بھیج دی۔ اہل خانہ کے مطابق متوفیہ کا باپ جمیل کسی کام کے سلسلے میں مری گیا ہوا ہے اور وہ گھر میں اپنی والدہ اور چار بہن بھائیوں کے ساتھ موجود تھی۔ آمنہ کے کمرے سے فائر کی آواز آئی تو کمرے میں جاکر دیکھا تو وہ خون میں لت پت پڑی تھی۔ پولیس کے مطابق والدہ نے بتایا کہ انہیں نہیں معلوم انکی بیٹی نے کیوں خودکشی کی۔ ادھر فیروزوالہ میں شادی شدہ خاتون (ص) نے زہریلی گولیاں نگل لیں۔ اسے فوری ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی جبکہ نارووال میں سفیان نے لاہور جانیوالی فیض احمد فیض ٹرین کے سامنے کود کر جان دیدی۔دوسری طرف مانگٹانوالہ میں حقیقی بیٹی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم نے پولیس حراست سے نہر میں کود کر خودکشی کرلی۔پولیس ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد اسے لاہور سے واپس لا رہی تھی کہ ہیڈبلوکی کے مقام پر ملزم نے گاڑی کی سپیڈ کم ہونے پر حراست سے فرار ہو کر بلوکی سلیمانکی لنک نہر میں چھلانگ لگا دی۔ تاہم اسکی نعش نہیں مل سکی۔