• news
  • image

غیرجماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا بل حکومت کے گلے پڑ گیا

منگل کو سینٹ کے اجلاس میں دوبل منظور کر لئے گئے تاہم ابھی تک غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے قومی اسمبلی سے منظور کردہ بل سینٹ میں منظوری کیلئے ایجنڈا پر نہیں لا یا گیا تاہم اس بارے میں مجلس قائمہ برائے داخلہ کی رپورٹ ایوان میں پیش کر دی گئی، وفاقی حکومت قومی اسمبلی سے منظور کردہ بل کو موجودہ شکل میں منظور کرانے میں’’ ہوم ورک‘‘ مکمل نہیں کر سکی بلدیاتی انتخابات کا معاملہ وفاقی حکومت کے گلے پڑ گیا ہے۔ قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق متحرک کر دار ادا کر رہے ہیں وہ سینٹ میں حکومت کی بھر پور نمائندگی کر رہے ہیں انہوں نے منگل کو چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کو یہ کہہ کر کہ وہ سینٹ سے اردو کا نفاذ شروع کریں امتحان میں ڈال دیا، راجہ محمد ظفر الحق نے ایک قوم پرست لیڈر کی حیثیت سے چیئرمین سینٹ جو ہر روز ارکان کو آئین کی بالا دستی کا درس دیتے ہیں کی آئین میں دی گئی 15سال کی دی ہوئی مدت ختم ہونے کی طرف توجہ مبذول کرائی اور کہا کہ کیوں نہ اس نیک کام کا آغاز سینٹ سے کیا جائے راجہ محمد ظفر الحق کو اس تجویز پر زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔ ایوان میں فٹ بال اور ہاکی کے معاملات کی بازگشت سنی گئی وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا فٹ بال فیڈریشن کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں، ہم نے دو گروپوں کی لڑائی کے معاملے پر فیفا کو خطوط تحریر کئے ہیں، فٹ بال ایسوسی ایشن کے انتخابات کے حوالے سے عدالت کے فیصلے پر عمل کیا جائے گا۔ راجہ ظفر الحق نے ایوان کی توجہ اس جانب مبذول کرائی تھی کہ ہاکی ٹیم نے پوری قوم کو مایوس کیا ہے۔ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی سے پوری قوم کو شرمندگی ہوئی ہے، وزیراعظم نے اس کا سخت نوٹس لیا ہے آج ٹیم کے کپتان اور مینجمنٹ کو طلب کر لیا ہے ہمیں کھیلوں کی فیڈریشنز کے معاملات ٹھیک کرنا ہوں گے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن