ہاکی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا
لاہورسپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے بنائی جانے والی تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا باقاعدہ اجلاس آج اسلام آباد میں وفاقی سیکرٹری سپورٹس اعجاز چوہدری کی زیر صدارت منعقد ہوگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اولمپئن اختر رسول، سیکرٹری اولمپئن رانا مجاہد، قومی ٹیم کے ہیڈکوچ شاہ شہناز شیخ، کپتان ایم عمران کو بھی تحقیقاتی کمیٹی میں بلایا گیا ہے۔ چھ رکنی کمیٹی تمام افراد کے بیانات قلم بند کر کے حکومت کو بھجوائے گی جس کی روشنی میں پاکستان ہاکی کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اختر رسول کا کہنا ہے کہ حکومت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو دو سال سے ایک روپے کی خصوصی گرانٹ جاری نہیں کی ہے اگر ایسا کیا ہے تو ہم سے حساب بھی لے۔ فنڈز کی کمی کی وجہ سے آج یہ دن دیکھنا پڑا ہے جس میں حکومت برابر کی شریک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں کسی طور پر استعفٰی نہیں دوںگا۔
قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی پی ایچ ایف نے 3 رکن کمیٹی بنا دی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اولمپک 2016ءکے کوالیفائنگ راونڈ میں بری طرح ناکامی پر تین رکنی فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی تمام وجوہات جان کر تفصیلی رپورٹ فائنل کرئے گی۔ تین رکنی کمیٹی میں اولمپئن شاہد علی خان، اولمپئن منصور احمد اور اولمپئن محمد اخلاق شامل ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم تاریخ میں پہلی مرتبہ اولمپک جیسے میگا ایونٹ سے آوٹ ہوئی ہے جس پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے غیر جانبدار کمیٹی قائم کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے۔