• news

ہاکی کے بعد باکسنگ فیڈریشن نے بھی اولمپکس سے باہر ہونے کا عندیہ دیدیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری اقبال حسین کا کہنا ہے کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کی شرکت مشکوک ہے جس کے باعث ریو اولمپکس میں قومی باکسنگ ٹیم کے کوالیفائی کرنے کے امکانات کم نظر آرہے ہیں ۔ قومی ہاکی ٹیم کے اولمپکس میں کوالیفائی نہ کرنے کے بعد صرف باکسنگ ٹیم ہی کے اولمپک میں کوالیفائی کرنے کی امید ہے لیکن اگست میں بنکاک میں منعقد ہونے والی ایشین باکسنگ چیمپئن شپ جو کہ پہلا کوالیفائنگ راﺅنڈ ہے میں ٹیم کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے فیڈریشن کے پاس فنڈز نہیں ہےں۔ ایشین چیمپئن شپ میں پاکستانی باکسنگ ٹیم کا شرکت نہ کرنا بدقستمی کی بات ہوگی کیونکہ اس میں شرکت سے اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے ہمارے روشن امکانات ہیں۔ اولمپکس میں پاکستان کے پرچم کو بلند رکھنے کے لئے ہاکی سے ہمیں بڑی امیدیں تھیں لیکن ٹیم کے اولمپکس کے لئے کوالیفائی کرنے میں ناکامی کے بعد باکسنگ ہماری آخری امید ہے جو کہ پاکستان کے جھنڈا کو اولمپکس میں حصہ لینے والی ٹیموں کے جھنڈوں میں شامل کرواسکتی ہے۔ اقبال حسین کا کہنا تھا کہ ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے ٹیم کا اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن