• news

مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج کا ساتذہ پر وحشیانہ لاٹھی چارج‘ بیسیوں گرفتار‘ جھڑپ میں ایک اہلکار ہلاک

سری نگر (اے این این+ آن لائن ) مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف اساتذہ کا احتجاج۔ بھارتی فوج کا وحشیانہ لاٹھی چارج ،ایمپلائز ایکشن کمیٹی کے سربراہ سمیت بیسیوں اساتذہ کو گرفتار کر لیا۔ سندر بنی سیکٹر میں مجاہدین کے ساتھ جھڑپ میں ایک بھارتی فوجی واصل جہنم، بھارتی فوج کا لائن آف کنٹرول کے نزدیک دراندازی کی ایک کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے سندربنی سیکٹر میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان تازہ جھڑپ میں ایک بھارتی فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا جبکہ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے اس نے لائن آف کنٹرول کے نزدیکی علاقے میں مجاہدین کی دراندازی کی ایک کوشش ناکام بنادی ہے۔ یہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران جھڑپ کا پانچواں واقعہ تھا۔ ادھر بی ایس ایف کے انسپکٹر جنرل ڈاکٹر جگت سنگھ نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر تعینات سیکورٹی فورسز کو انتہائی چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام دراندازی کے بڑھتے واقعات کے بعد اٹھایا گیا۔ کشمیر میں سرگرم عسکری تنظیموں کے مشترکہ پلیٹ فارم متحدہ جہاد کونسل نے واضح کیا ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کرنے میں کوئی حرج نہیں تاہم اس کیلئے شرط ہے کہ وہ کشمیر کو متنازعہ مسئلہ تسلیم کرے۔ متحدہ جہاد کونسل کے جنرل سیکریٹری شیخ جمیل الرحمان نے کہاہم صرف لڑنا اور مارنا ہی نہیں جانتے بلکہ ہم اپنے اہداف کے حصول کیلئے تما م مثبت اقدامات کیلئے بھی تیار ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہابھارت آئی ایس آئی اور کشمیری عسکریت پسندوں کو ان چیزوں کیلئے ذمہ دار ٹھہرانے کا عادی بن چکا ہے جن کا ان کے ساتھ دور کا بھی کوئی واسطہ نہیں ہوتا۔ تاہم پاکستان اپنے ملک میں نہ رکنے والی دہشت گردانہ کارروائیوںمیں بھارت کے ملوث ہونے کو ایکسپوز نہیں کرتا ہے ۔ان کا کہنا تھا پاکستان کو اپنے عوام اور بین الاقوامی برادری کو پاکستانی سرزمین پر را کی سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کرنا چا ہیے۔ لشکر طیبہ کے چیف محمود شاہ نے سیدصلاح الدین اور دیگر حریت رہنماﺅں پر بھارت کی طرف سے لگائے گئے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت انہی طریقوں کا استعمال کرکے تحریک آزادی کشمیرکوسبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
کشمیر

ای پیپر-دی نیشن