جہادیوں کی آمد روکنے کیلئے تیونس لیبیا کی سرحد پر دیوار تعمیر کریگا
تیونس( بی بی سی )تیونس نے اعلان کیا ہے کہ لیبیا سے جہادیوں کی تیونس میں آمد کو روکنے کیلئے لیبیا کی سرحد کے ساتھ دیوار تعمیر کی جائیگی۔ تیونس کے وزیر اعظم نے سرکاری ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا ’یہ دیوار 160 کلومیٹر لمبی ہو گی اور اس کی تعمیر 2015 کے آخر تک مکمل ہو جائے گی ۔یاد رہے کہ سوس میں ہونے والے حملے میں حملہ آور کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس نے لیبیا سے تربیت حاصل کی تھی۔اس حملے میں 38 افراد ہلاک ہوئے تھے اور اس حملے کے بعد تیونس کی حکومت نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی۔تیونس کے وزیر اعظم نے کہا ’فوج یہ دیوار تعمیر کرے گی اور اس دیوار کے محضوص حصوں میں نگرانی کی پوسٹیں قائم کی جائیں گی۔‘ حکومت نے پہلے ہی سے سکیورٹی سخت کردی ہے اور ہوٹلز اور ساحلوں پر 1400 مسلح اہلکار تعینات کر دیئے ہیں۔تیونس کے وزیر اعظم نے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ حملہ آور نے ممکنہ طور پر لیبیا میں سرگرم انصار الشریعہ سے تربیت حاصل کی تھی۔