• news

جیت کیلئے محض حب الوطنی نہیں سہولیات بھی درکار ہیں : ہاکی کوچ‘ کپتان کا تحقیقاتی کمیٹی کو بیان

لاہور(نمائندہ سپورٹس )ہاکی کے حالیہ عالمی مقابلے ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستانی ٹیم کے ناقص کارکردگی کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے کام کا آغاز کر دیا ہے۔تحقیقاتی کمیٹی نے ہاکی ٹیم کے کوچ اور کپتان کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں جس میں ہاکی ٹیم کے ذمہ داران نے کہا کہ ٹیم کو جیت کےلیے محض حب الوطنی نہیں بلکہ سہولیات بھی درکار ہوتی ہیں۔پاکستانی ہاکی ٹیم کے کوچ شہناز شیخ نے کمیٹی کے سامنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی ناقص کارکردگی کی سب سے بڑی وجہ ہاکی پر رقم خرچ نہ کرنا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ اگر کھلاڑیوں کو میچ سے زیادہ اپنا ڈیلی الاو¿نس نہ ملنے کی فکر ہو گی تو وہ جیتیں گے کیسے؟ہماری ہار میں پیسوں کا سب سے اہم کردار ہے۔ مجھے ڈیڑھ سال سے تنخواہ نہیں ملی، یہی حال کھلاڑیوں کا بھی ہے۔ نہ کسی کھلاڑی کو سرکاری نوکری دی گئی ہے نہ معاہدہ کیا گیا ہے اور نہ ہی ڈیلی الاو¿نس دیا جا رہا ہے۔ حب الوطنی سے کب تک کام چلایا جائے گا؟کوچ شہناز شیخ نے کمیٹی کے سامنے بیان میں کہا کہ ناقص کارکردگی کی سب سے بڑی وجہ ہاکی پر رقم خرچ نہ کرنا ہے۔پاکستانی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کسی قسم کی سہولیات نہیں دی جا رہیں، ایسے میں ان سے بہتر کھیل کی امید نہیں رکھی جا سکتی۔ہماری شکست کی بڑی وجہ ہے کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم نہیں کر رہے۔ چار مہینے پہلے اسی ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی لیکن اب جبکہ نہ نوکری ہے نہ خرچہ ملتا ہے، ایسے میں کون کیا کارکردگی دکھائے گا۔تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ اعجاز چوہدری نے کہا کہ تحقیقات کا مقصد حقائق جاننا ہے، کسی کی پگڑی اچھالنا یا لوگوں کو برطرف کرنا نہیں۔ یہ توقع نہ رکھی جائے کہ کمیٹی میں استعفے دیے جائیں گے یا لوگوں کو برطرف کیا جائے گا۔ کمیٹی کا اجلاس آ ج بھی ہو گا جس میں ارکان اپنی تحقیقات کریںگے اور رپورٹ وزیر اعظم کو بھجوا دینگے ۔ رپورٹ پر فیصلہ رواں ماہ کے آخر میںمتوقع ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن