پشاور: پولیس فائرنگ سے ہلاک دہشت گرد کی شناخت ہو گئی، تعلق فضل اللہ گروپ سے تھا، سرچ آپریشن، 28 افغان باشندوں سمیت 100 گرفتار
پشاور (بےورو رپورٹ) پشاور کے مضافاتی علاقہ ماشوگگر میں سال 2014ءمیں پولیس ناکہ بندی پر حملہ کے دوران پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت امیر باچہ کے نام سے ہوگئی جس کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ملا فضل اللہ گروپ سے تھا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کے بھائی اور چچا زاد بھائی کے بیانات بھی قلمبند کرلئے گئے ہیں سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق نومبر 2014 میں بڈھ بیر پولیس کی جانب سے ماشوگگر میں قائم ناکہ بندی پر مسلح دہشت گردوں نے اچانک حملہ کیا تھا دو طرفہ فائرنگ کے تبادلہ میں کانسٹیبل سنجاب خان شہید ہوا تھا جبکہ پولیس کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا تھا۔ علاوہ ازیں پشاور کے علاقے اچین بالا میں بم دھماکے کا مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کیخلاف درج کر لیا گیا ہے۔ ادھر پشاور پولیس نے جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران 28 افغان مہاجرین اورسنگین مقدمات میں مطلوب 4 اشتہاری ملزمان سمیت 100سے زائد جرائم پیشہ افرادکو گرفتار کر لیا جن کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ، کارتوس اور منشیات برآمد کر لی گئی ہے۔
پشاور/100 گرفتار