• news

قومی کرکٹرز کا سنٹرل کنٹریکٹ مالی سال کے ساتھ مشروط کرنے کا فیصلہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ مالی سال کے ساتھ مشروط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی کرکٹرز کو تین کیٹگریز میں سنٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی سے 30 جون تک کیلئے دیا جائے گا۔ 2015-16ءکے مالی سال کیلئے سلیکشن کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس کی بنیاد پر فہرست تیار کرے جسے منظوری کیلئے چیئرمین پی سی بی کو بھجوایا جائیگا۔ سنٹرل کنٹریکٹ میںتھی ڈی کیٹگری کو ختم کیا جائیگا۔ سلیکشن کمیٹی اور پی سی بی کرکٹ کمیٹی کیلئے شاہد آفریدی، مصباح الحق اور یونس خان جیسے کھلاڑیوں کا فیصلہ کرنا مشکل بنا ہوا ہے کہ انہیں کس کیٹگری میں شامل کیا جائے۔ مصباح الحق ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کو جبکہ شاہد آفریدی ٹیسٹ اور ون ڈے کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔ یونس خان نے ٹی ٹونٹی سے ریٹائرمنٹ لے رکھی ہے جبکہ ون ڈے سکواڈ میں وہ سلیکشن کمیٹی کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام چلے آ رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ان کھلاڑیوں کے معاملے میں تذبذب کا شکار ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کے بعض حکام ان کی ڈومیسٹک کرکٹ کی کارکردگی پر سنٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹگری میں شامل کرنے کا خواہاں ہے تاہم کرکٹ حلقوں کی تنقید سے بچنے کیلئے سنٹرل کنٹریکٹ کے ناموں پر دوبارہ غور کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن