ون ڈے سیریز : پاکستان سری لنکا آج مدمقابل‘ کوچ کپتان کامیابی کیلئے پرعزم
لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان اورسری لنکا کے درمیان پانچ میچزپرمشتمل ون ڈے سیریزکا آغاز آج سے ہورہا ہے، پہلا ون ڈے دمبولا کے رنگیری سٹیڈیم پرکھیلا جائے گا۔ چیمپینزٹرافی میں شرکت یقینی بنانے کیلئے گرین شرٹس کوآئی لینڈرز کے خلاف لازمی کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نوبجے شروع ہوگا۔ اظہرعلی سری لنکا میں پہلی بارگرین شرٹس کی قیادت کررہے ہیں۔ قومی ٹیم نے سری لنکا میں آخری بارون ڈے سیریزدوہزارچھ میں انضمام الحق کی کپتانی میں جیتی تھی، قومی ٹیم ایک سپنراورتین فاسٹ باولرزکے ساتھ میدان میں اترے گی، طویل القامت فاسٹ باولرمحمد عرفان تین ماہ بعد ایکشن میں نظرآئیں گے۔ یاسرشاہ کوبطورٹرمپ کارڈ استعمال کیا جائے گا۔گرین شرٹس کودوہزارسترہ کی چیمپئینزٹرافی کا ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے آئی لینڈرزکیخلاف ون ڈے سیریزجیتنا ہوگی۔ پاکستان آئی سی سی رینکنگ میں ستاسی پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبرپرہے۔ تیس ستمبرتک رینکنگ کی ٹاپ آٹھ ٹیمیں چیمپئینزٹرافی کھیلنے کی اہل ہوں گی۔ پاکستان ٹیم کے ایک روزہ ٹیم کے لئے اعلان کردہ کھلاڑیوں نے قومی ٹیم کو سری لنکا میں جوائن کرلیا ہے اور ٹیم کے ساتھ پریکٹس کررہے ہیں۔ قومی ٹیم کے کوچ وقار یونس ٹیسٹ سیریز میں شاندار کامیابی کے بعد پرامید ہیں کہ قومی ٹیم ایک روزہ سیریز میں بھی اپنی کامیابیوں کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کرے گی۔ دوسری طرف قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد کھلاڑیوں کا مورال ہائی ہے۔ ٹیسٹ سیریز کی طرح میزبان کو ایک روزہ سیریز میں بھی شکست سے دوچار کرینگے۔