• news

اسلام آباد: تنخواہ نہ ملنے پر میٹرو بس ملازمین کی ہڑتال‘ دھرنا‘ مذاکرات کے بعد سروس بحال

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) میٹرو بس انتظامیہ اور ملازمین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ انتظامیہ نے احتجاجی مظاہرہ کرنے والے ڈرائیورز کے مطالبات مان لئے۔ ڈرائیورز نے کہا ہے کہ انتظامیہ نے معاہدے پر عملدرآمد نہ کیا تو دوبارہ احتجاج کریں گے۔ کامیاب مذاکرات کے بعد میٹرو بس سروس بحال کر دی گئی۔ واضح رہے بین الاقوامی معیار کی میٹرو بس سروس کے ملازمین 2 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ گذشتہ روز اڑھائی گھنٹے ہڑتال اور دھرنے کے باعث سروس بند رہی۔ حکومت اور انتظامیہ نے پیر کو تنخواہوں کی ادائیگی آئندہ ماہ تنخواہوں میں اضافے کی یقین دہانی کرا دی۔ گذشتہ روز میٹرو بس سروس کے ڈرائیوروں اور ملازمین نے تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاجاً ہڑتال کر دی اور میٹرو ٹرمینل پر دھرنا دیا اڑھائی گھنٹے سروس بند رہنے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا رہا اور لوگ گھنٹوں سٹاپ پر انتظار کرتے رہے۔ اڑھائی گھنٹے بعد بالآخر انتظامیہ اور ملازمین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوئے جس کے بعد سروس دوبارہ شروع کی گئی۔ میٹرو انتطامیہ کا کہنا ہے آئندہ ماہ ڈرائیوروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا اور انہیں اوور ٹائم بھی ملے گا۔ دوسری جانب ڈرائیوروں کے دھرنے کے دوران 2 گروپوں میں تصادم بھی ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن