تربت : بوری بند تین نعشیں برآمد‘ دہشت گرد کمانڈر بھائی چار محافظوں سمیت قتل
کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ آن لائن)کوئٹہ کے علاقے تربت میں 2 مختلف واقعات میںکالعدم تنظیم بی ایل اے کا سابق کمانڈر بھائی اور چار محافظوں سمیت مارا گیا جبکہ 3 افراد کی تشدد زدہ نعشیں ملیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز تربت کے علاقے ناصر آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 6 افراد مارے گئے جبکہ ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، لیویز اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کے تمام داخلی وخارجی راستوں پر ناکہ بندی کر کے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ سے ہلاک ہونے والے کالعدم تنظیم کا سابق کمانڈر فضل حیدر،اس کا بھائی عبید حیدر اور 4 محافظ سفیدر، برامش، منظور اور بہار علی شامل ہیں، ریسکیو حکام نے6 افراد کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے تربت ہسپتال منتقل کر دیا۔ دوسری جانب تربت کے نواح میں 3 افراد کی بوری بند نعشیں ملی ہیں۔لیوی حکام کے مطابق تینوں نوجوانوں کو بے دردی کے ساتھ فائرنگ کر کے قتل کیا گیا جن کی شناخت بھی ناممکن بنا دی گئی۔ نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے تربت ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔
تربت نعشیں