• news

افغانستان کو سیکورٹی آلات‘ ٹیکنالوجی اور تربیت دینگے : چین‘ داعش خطے کیلئے بڑا خطرہ ہے : پیوٹن اشرف غنی سے ملاقات

کابل (نوائے وقت رپورٹ+ رائٹرز+ اے ایف پی) چین نے افغانستان کو سکیورٹی کیلئے تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرا دی۔ افغان میڈیا کے مطابق یقین دہانی چینی صدر نے افغان ہم منصب اشرف غنی کو کرائی، چین افغانستان کو سکیورٹی آلات، ٹیکنالوجی اور تربیت فراہم کرے گا۔ رائٹرز کے مطابق چینی عہدیداروں نے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان پاکستان میں ہونے والے مذاکرات میں بھی شرکت کی تھی۔ روس میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کے دوران چینی صدر نے کہا سکیورٹی تعاون میں اضافہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ ملاقات میں خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناءروس کے صدر ولادی میرپیوٹن نے بھی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی روسی صدر نے داعش کو خطے کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ داعش کے جنگجو افغانستان پہنچ رہے ہیں اور ان کی کارروائیاں بڑھتی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ افغان حکومت داعش کا مقابلہ کرنے کیلئے کوشش کررہی ہے اور اس سلسلے میں طالبان کے ساتھ بھی مذاکرات کا آغاز کیا گیا ہے۔ پیوٹن کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ افغانستان میں غیرملکی فوج کے 10 برس سے زائد قیام کے باوجود وہاں سکیورٹی کی صورتحال ٹھیک نہیں ہو سکی اور اس کی وجہ سے وسط ایشیائی ریاستیں بھی بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر پریشانی کا شکار ہیں اور یہ افغانستان اور اس کے ہمسایہ ممالک کے لیے حقیقی خطرہ ہے۔ دریں اثناءازبکستان کے صدر اسلام کریموف نے بھی کہا کہ ہم افغانستان کے ہمسایہ ملکوں میں شامل ہیں اس لیے ہم اس خطرہ کو نظرانداز نہیں کر سکتے۔

ای پیپر-دی نیشن