• news

مجاہدِ اوّل سردار عبدالقیوم کو غازی آباد میں سپرد خاک کردیا گیا

مظفر آباد (آئی این پی) سابق صدر آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان کی نماز جنازہ آبائی گائوں غازی آباد میں ادا کر دی گئی۔ لوگوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث نماز جنازہ 5 مرتبہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں پاکستان کے وزیر ریلوے سعد رفیق، پیپلز پارٹی کے رہنما زمرد خان، جے کے پی پی کے قائد خالد ابراہیم خان، جماعت اسلامی کے امیر عبدالرشید ترابی سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ سردار محمد عبدالقیوم خان کی آزاد حکومت کے پورے سرکاری اعزاز ، پاک فوج اور پولیس کے چاک و چوبند دستوںکی سلامی دینے کے بعد تدفین کی گئی۔ نماز جنازہ میں لوگوں کی اتنی کثیر تعداد تھی کہ پانچ دفعہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ پہلی بار غازی آباد میں نماز جنازہ صاحبزادہ پیر محمد اکرم شاہ سجادہ نشین گڑھی شریف نے پڑھائی۔ اس کے بعد سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، حافظ محمد رضا، مولانا محمد نعیم، مولانا محمد زبیر نقشبندی نے پڑھائی۔ سردار عبدالقیوم خان کو نماز جنازہ کے بعد انکی وصیت کے مطابق پہلے سے تیار شدہ قبر میں سپردخاک کیا گیا۔ سردار عبدالقیوم کی قبر پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے پھول چڑھائے گئے۔ مجاہد اوّب کو سوشل میڈیا پر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن