• news

ضیاء اللہ آفریدی کی جیل میں طبیعت خراب، دو بار ہسپتال لے جایا گیا

پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) کرپشن کے الزامات میں گرفتار خیبر پی کے کے سابق صوبائی وزیر معدنیات ضیاء اللہ آفریدی کی جیل میں اچانک طبیعت خراب ہو گئی جس کے بعد انہیں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس لے جایا گیا جہاں ان کے تمام ٹیسٹ کرائے گئے تاہم ضیاء اللہ آفریدی کے تمام ٹیسٹ کلیئر آنے پر دوبارہ احتساب کمیشن سیل منتقل کر دیا گیا۔ تھوڑی دیر بعد ایک بار پھر ضیاء اللہ آفریدی نے دل میں درد اور دم گھٹنے کی شکایت کی جس پر انہیں سی ایم ایچ لے جایا گیا جہاں دوبارہ طبی ٹیسٹ کرایا گیا جس پر ڈاکٹروں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹس کلیئر قرار دے دیں جس کے بعد انہیں دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ احتساب کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر طبیعت کی خرابی کے بہانے کرتے رہے جس کے باعث انہیں رات 12 بجے سے صبح 5 بجے تک دو مختلف ہسپتالوں میں چیک اپ کے لئے لے جایا گیا تاہم وہ خیریت سے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ضیاء اللہ آفریدی کا بلڈ پریشر بلند ہو گیا تھا۔ انہیں دمہ کی بھی شکایت ہے۔ ضیاء اللہ آفریدی کو سخت سکیورٹی میں مخصوص وارڈ میں رکھا گیا ہے۔دریں اثناء ضیاء اللہ آفریدی کے حامیوں نے احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین نے جی ٹی روڈ بلاک کردی جس سے ٹریفک جام ہوگئی۔ دریں اثناء ضیاء اللہ آفریدی کے وکیل نے احتساب کمشن ایکٹ چیلنج کرنے کیلئے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن