• news

تاپی گیس منصوبے پر جلد عملدرآمد شروع کرینگے: ترکمان صدر

اشک آباد (نوائے وقت رپورٹ/ اے ایف پی) ترکمانستان کے صدر گیس پائپ لائن منصوبے ’’تاپی‘‘ پر عملدرآمد کیلئے رضامند ہو گئے ہیں۔ منصوبے کے تحت ترکمانستان سے پاکستان اور افغانستان کے راستے بھارت تک گیس پائپ لائن بچھائی جائیگی۔ ٹاپی منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا جس پر اربوں ڈالر کی لاگت آئیگی۔ 1800 کلومیٹر کے پائپ لائن منصوبے پر 10 ارب ڈالر لاگت آئے گی تاہم افغانستان کی صورتحال کے باعث سکیورٹی کے حوالے سے خدشات لاحق ہونگے اور اس حوالے سے قیمت بھی بڑھے گی۔ ترکمان صدر نے کہا کہ ہم اس منصوبے کے حتمی مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں اور جلد ہم اس پر عملی طور پر عملدرآمد کریں گے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ترکمانستان کے دورہ میں توانائی کے حوالے سے مضبوط تعلقات پر زور دیا ہے۔ ترکمان صدر قربان علی محمدوف سے ملاقات میں منموہن نے بھارت کو توانائی کی فراہمی کے لئے اس منصوبے کی ضرورت پر زور دیا۔ ترکمان صدر نے کہا کہ ہم اس اہم موقع کی دہلیز پر کھڑے ہیں۔ مشترکہ اعلامیہ میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ تاپی منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کا اہم ستون ہے جس کے علاقے پر اچھے اثرات مرتب ہونگے۔ ترکمان صدر نے کہا ہے کہ بھارت اور ترکمانستان نے دفاع، سیاحت، سپورٹس، سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے 7 معاہدوں پر دستخط کرتے ہوئے دہشت گردی کیخلاف ملکر لڑنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ مودی نے صدر قربان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا دونوں ممالک میں دیرپا تعلقات کو عوام نے بھی سراہا ہے۔ بعدازاں انہوں نے روایتی میڈیسن اور یوگا سنٹر کا سپورٹس کمپلیکس میں افتتاح کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کے فروغ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن