دیہی روڈز پروگرام‘ لوٹ مار کرنیوالے ٹھیکیدار کڑی سزی کے حقدار‘ معیار پر سمجھوتہ نہیں ہو گا: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پنجاب حکومت نے دیہی علاقوں کی ترقی اور دیہی انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کا ایک بڑا منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کیلئے 3 برس کے دوران 150 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ دیہی معیشت کیلئے ایک گیم چینجر ہے اور اس تاریخی پروگرام پر عملدرآمد سے دیہی زندگی بدلے گی اور دیہی علاقوں میں بسنے والوں کی آمد ورفت میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی پہلے مرحلے میں 255 سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام 30 ستمبر تک مکمل کیا جائے اور سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے کام میں اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام کے حوالے سے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ جہاں غیر معیاری تعمیراتی مٹیریل کی شکایت ملی سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا پروگرام کے تحت تعمیر و بحال ہونے والی دیہی سڑکوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری 3 برس تک کنٹریکٹرز کی ہونی چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی سڑکوں کی تعمیر و بحالی میں استعمال ہونے والے مٹیریل کی مناسب داموں وافر دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے، میٹریل کے حوالے سے کوئی شکایت سامنے نہیں آنی چاہئے۔ میٹریل کی مصنوعی قلت پیدا کرکے مہنگے داموں فروخت کرنے والے مافیا پر کڑا ہاتھ ڈالا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی دوسرے مرحلے کے تحت تعمیر ہونے والی نئی سڑکو ںکی نشاندہی کا کام ابھی سے شروع کیا جائے۔ دوسرے مرحلے میں کوالیفائی کرنے والے ٹھیکیداروں کو سڑکوں کی تعمیر و بحالی کیلئے نئی مشینری لانا ہوگی۔ ایسے ٹھیکیدار جو قوم کے خون پسینے کی کمائی پر لوٹ مار کرتے ہیں، ان کی جگہ جیل ہے اور وہ کڑی سزا کے حقدار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ایکسل لوڈ کے حوالے سے حتمی تجاویز پیش کرنے کیلئے سب کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے ساتھ ان کی دیکھ بھال بھی ضروری ہے، اسی لئے کمیٹی دیہی سڑکوں پر اوورلوڈنگ کے مسائل کے حل کے حوالے سے قابل عمل تجاویز جلد پیش کرے۔وزیراعلیٰ نے سیکرٹری جنگلات کو ہدایت کی دیہی سڑکوں کے اردگرد شجرکاری کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں اور سڑکوں کے اطراف زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں۔ مزید برآں شہباز شریف نے شدید بارش کے باعث راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والے پانی کے فوری نکاس کا حکم دیتے ہوئے کہا انتظامیہ اور متعلقہ ادارے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کیلئے فی الفور تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی بارشی پانی کی نکاسی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور نالوں میں طغیانی سے ہونے والے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔