• news

مسئلہ کشمیر کا درمیانی حل نکالنا ہو گا، عمران بولنے سے پہلے سوچ لیا کریں: مشرف

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کیلئے کوئی درمیانی راستہ نکالنا ہو گا، ایسے حل کی ضرورت ہے جس پر پاکستان، بھارت اور کشمیری راضی ہوں، افغانستان میں امریکہ کو عسکری فتح ملی اس کے بعد سیاسی فتح کی بھی ضرورت ہے۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر سب کو خطے کا منظر نامہ دیکھنا چاہئے۔ پرویز مشرف نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ بولنے سے پہلے سوچیں اور مشورہ کریں عمران خان کو قیادت کے حوالے سے خود میں ٹھہراؤ پیدا کرنا چاہئے۔ عمران خان اکیلے میں جب جاؤ تو سوچا کرو کسی عقلمند سے سیکھنا بھی چاہئے، میری سوچ ہے کہ عمران خان آگے جا سکتے ہیں سوچنے، کسی عقلمند سے سیکھنے کے بعد بولنا چاہئے۔ 1973ء کے آئین کے بعد ایک جمہوریت بھی صحیح کام نہیں کر سکی۔ عام انتخابات میں دھاندلی تو ہوئی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں تمام سیاستدان، الیکشن کمشن اور ایک ایک فرد جانتا ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے۔ پی پی پی اور آصف علی زرداری کو ووٹ عوام اور تمام لیڈروں نے دیئے این آر او نے نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن