• news

دوسری عید سپیشل ٹرین صرف 7 مسافروں کو لیکر کراچی روانہ

لاہور (نیٹ نیوز) پندرہ بوگیوں کے ساتھ چلنے والی عید سپیشل ٹرین لاہور سے صرف سات مسافروں کو لیکر کراچی روانہ ہو گئی۔ واضح رہے کہ پاکستان ریلوے نے اس عید پر 23 عید سپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا۔ ہفتے کے روز یہی ٹرین 35 مسافروں کے ساتھ کراچی گئی جبکہ اتوار کے روز صرف 7 سات مسافروں نے ٹکٹ بک کرائے، ان میں سے ایک مسافر خانیوال، چار بہاولپور جبکہ صرف دو مسافر کراچی جا رہے تھے۔ اس عید ٹرین کے نقصان کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک بوگی میں 78 سیٹوں کی گنجائش ہے۔ ٹرین میں پندرہ بوگیاں ہیں جبکہ کراچی کی ٹکٹ ایک ہزار تین سو ساٹھ روپے کی ہے عملہ کے ٹی اے ڈی اے کے ساتھ ساتھ کراچی پہنچنے کے لیے ساڑھے پانچ لاکھ روپے مالیت کے چھ ہزار لیٹر ڈیزل کی ضرورت ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ یہ وفاقی وزیر پاکستان ریلویز اور افسروں کی نا اہلی ہے کہ جنہوں نے تشہیر مہم کے بغیر عید اسپیشل ٹرینز چلائیں۔ دریں اثناء خصوصی ٹرین کے 5 مسافر خانیوال پہنچ کر اتر گئے جن میں سے 4 وہاں سے بہاولپور کو روانہ ہوئے جبکہ ٹرین صرف 2 مسافروں کے ساتھ کراچی روانہ ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن