خیبر ایجنسی: بارودی سرنگ کا دھماکہ‘ 2 سکیورٹی اہلکار شہید‘ امن کمیٹی کا رضا کار قتل
خیبر ایجنسی+ ہنگو+ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ ایجنسیاں) وادی تیراہ کے علاقے سندنہ میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بارودی سرنگ کے دھماکے میں 2سکیورٹی اہلکار شہید اور 5زخمی ہو گئے۔ خیبر ایجنسی کے علاقے تیراہ میں ہی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے امن کمیٹی کے رضاکار کو قتل کر دیا ہے۔ لوئر اورکزئی ایجنسی میں قومی لشکر نے قاتلوں کے تین گھروں کو نذرآتش کر دیا، 50لاکھ روپے جرمانہ کر دیا۔ یاد رہے کہ تین دن قبل لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقہ تازی خیل میں مسلح افراد نے جنازے پر فائرنگ کی تھی جس میں چار افراد جاں بحق جبکہ چار افرادزخمی ہو گئے تھے۔ جس پر اتوار کے روز لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقہ کلایہ کے مقام پر اورکزئی قبائل کا ایک جرگہ ہوا۔ جرگے میں فیصلے کے بعد قومی لشکر نے قاتل کے خاندان کے سربراہ ملک اسحاق کے تین گھر نذر آتش کر کے پچاس لاکھ روپے جرمانہ کر دیا۔ علاوہ ازیں پشاور میں سرچ آپریشن کے دوران افغان باشندوں سمیت 30مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ہنگو میں بھی ایک افغان باشندے سمیت 11کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ کوئٹہ میں بھی 5 افراد پکڑے گئے۔ قمر خیل باڑہ میں رات گئے میر عالم خان نامی شخص کے گھر کے سامنے نصب بارودی مواد زوردار دھماکے سے پھٹ گیا دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم گیٹ اور دیوار کو جزوی نقصان پہنچا۔ خیبر ایجنسی کے علاقہ قمر تیراہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے امن کمیٹی کے رضا کار احمد شاہ کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ پشاورکے علاقوں بہاری کالونی، فقیر آباد اور دلہ زاک روڈ پر پولیس اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران5 افغان باشندوں سمیت 30 مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیا جن میں پانچ افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ ادھر ہنگو پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران ایک غیرملکی سمیت 11مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ملزموں کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ ادھر ایف سی اور پولیس نے کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی خیزی میں آپریشن کرکے پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ ادھر پنجگور میں مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص خادم حسین جاں بحق ہو گیا جبکہ خاندان کے دیگر لوگ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ بلوچستان پولیس نے رمضان المبارک اور عید کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے باعث پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں رمضان المبارک کے آخری عشرہ اور عید کے دوران سکیورٹی خدشات کے باعث پولیس کے تمام افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہے۔ ادھر کوئٹہ شہر کے بارونق علاقے مشین روڈ پر ہوائی فائرنگ سے لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی اور ان میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ موٹر سائیکل سوار فائرنگ کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔