ضرب عضب آپریشن کے دوسرے مرحلے میں شوال کو دہشت گردوں سے پاک کر دینگے: فوجی ترجمان
اسلام آباد (دی نیشن رپورٹ/ این این آئی/ آئی این پی) پاک فوج کے ترجمان آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان مفاہمتی عمل (افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات) میں سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہے گا۔ سنہا سے انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان خود مکمل طور پر امن کے عمل کو کنٹرول کرے۔ پاکستان نے افغان امن عمل آگے بڑھانے کیلئے سیاسی فریم ورک اختیار کیا۔ افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے۔ ایسے لوگوں کی شناخت ہونی چاہئے جو یہ سوچتے ہیں کہ یہ امن عمل پاکستانی مفادات کا تحفظ نہیں کرتا۔ افغانستان کی انٹیلی جنس ایجنسی سے معاہدہ پر تنقید کے حولے سے انہوں نے اس ایم او یو کو تعاون کیلئے نیک شگون قرار دیا۔ اگر ہم امن کا قیام چاہتے ہیں تو پھر فوجی اور انٹیلی جنس سطح پر تعاون کا فروغ ضروری ہے۔ وادیٔ شوال میں آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا، دوسرے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے بعد کچھ عناصر بھاگ کر شوال آ گئے تھے، وہاں کچھ مزاحمت کا سامنا ہو سکتا ہے تاہم دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے۔ مقامی قبائلیوں اور فوج کا کہنا ہے کہ تمام علاقے جلد دہشت گردوں سے پاک کر دیئے جائیں گے۔ جب پورا علاقہ کلیئر کرا لیا گیا تو پھر کسی دہشت گرد کو علاقے میں نہیں آنے دینگے۔ ان کی واپسی کا سوال ہی پیدا نہیں ہو گا۔ لوگوں کے دل و دماغ کو دو چار روز میں نہیں جیتا جا سکتا۔ اگلے مرحلے میں بے گھر لوگوں کی واپسی ہو گی۔ حکومت نے واپس آنے والے متاثرین کیلئے بڑا بجٹ رکھا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد اس عمل کو مستحکم اور مضبوط کرنا ہے۔ شمالی وزیرستان میں تحریک طالبان کے خلاف فوجی آپریشن کے حوالے سے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آپریشن کے دوسرے مرحلے میں وادیٔ شوال کو دہشت گردوں سے پاک کر دیا جائیگا۔ سکیورٹی فورسز نے شوال میں ابتدائی آپریشن میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا اور دوسرے مرحلے میں ان کا صفایا کر دیا جائیگا۔ آپریشن کے خاتمے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آپریشن کی تکمیل کا ٹائم ٹیبل نہیں دیا جا سکتا تاہم اس میں قابل ذکر پیشرفت ہو رہی ہے۔ ہم اپنے مقاصد حاصل کر رہے ہیں، جتنی جلد ممکن ہوا آپریشن مکمل کیا جائیگا۔ آپریشن ضرب عضب منصوبہ کے مطابق جاری ہے۔ آئی این پی کے مطابق میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد فوج کو پورے ملک کی سکیورٹی پر کنٹرول حاصل ہے، پولیو ویکسینیشن کے خلاف پروپیگنڈا ختم کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی مدد سے پولیو پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے، پولیو کا پھیلائو روکنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے، پولیو ویکسینیشن کے خلاف پروپیگنڈا ختم کرنے میں مصروف عمل ہیں۔