• news

لوڈشیڈنگ جاری‘ نارنگ میں احتجاج‘ کراچی میں 5 روز کے دوران تیسرا بڑا بریک ڈائون

لاہور+ کراچی (نامہ نگاران+ کرائم رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ نارنگ منڈی میں لوڈشیڈنگ کیخلاف لوگوں نے شدید احتجاج کیا ہے جبکہ کراچی میں 8 روز کے دوران بجلی کا تیسرا بڑا بریک ڈائون ہوا اور پانی کا بحران بھی پیدا ہوگیا جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ شہر میں بجلی کے تیسرے بڑے بریک ڈائون نے عوام کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی۔ ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات 220 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرنے سے گلشن اقبال، ملیر ، لانڈھی، شاہ لطیف ٹان، کورنگی، فیڈرل بی ایریا سمیت شہر کے بیشتر علاقوںمیں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس کی وجہ سے لوگوں نے رمضان المبارک میں تیسری مرتبہ سحری اندھیرے میں کی اور رات فٹ پاتھوں پر گزاری۔ بجلی کے بریک ڈائون سے جہاں رہائشی علاقے متاثر ہوئے وہیں اس سے کاروباری اور صنعتی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔ بریک ڈائون کی وجہ سے مارکیٹوں میں موجود عوام کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اسکے علاوہ ترجمان پاکستان سٹیل نے بھی بریک ڈائون سے پلانٹ کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شہر میں پانی کا بھی بحران پیدا ہوگیا ہے۔ دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق ہوا میں نمی کے باعث پپری آئی سی آئی کی 220 کلو واٹ کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرجانے سے شہر کے 64 میں سے 10 گرڈ سٹیشن متاثر ہوئے جس کے باعث بجلی کا بریک ڈائون ہوا۔ صارفین سے بجلی بندش کے باعث تکلیف پرمعذرت خواہ ہیں۔ تمام متاثرہ گرڈ سٹیشن بحال کردئیے گئے ہیں۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی کی یونین کونسل مہتہ سوجا کے 15 دیہات دو روز سے بجلی بند ہونے سے شدید پریشانی کا شکار ہوگئے، مساجد میں پانی کی شدید قلت کے باعث نمازی بوند بوند کو ترس گئے۔ متاثرہ دیہاتیوں نے شدید احتجاج کیا اور حکومت سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ نارنگ منڈی و گردونواح میں بجلی کی باربار ٹرپنگ نے روزہ داروں اور لوگوں کا جینا حرام کررکھا ہے۔ لوگوںکی لاکھوںروپے کی الیکٹرونک اشیاء جل چکی ہیں۔ اِدھر کراچی کے علاقے لسبیلہ میں بجلی کی بندش کیخلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا۔ لسبیلہ نمبر ایک پر علاقہ مکینوں نے ٹائر جلا کر لسبیلہ سے گولیمار جانے والی سڑک پر ٹریفک معطل کردی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ رات گئے بجلی کی فراہمی معطل کردی جاتی ہے جو صبح تک بحال نہیں ہوتی جس سے معمولات زندگی بُری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن