خیبر پی کے: 356 پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ الیکشن 30 جولائی کو ہونگے
پشاور (بیورو رپورٹ) الیکشن کمشن آف پاکستان نے صوبہ خیبرپی کے میں 356 پولنگ سٹیشنوں پر 30 جولائی 2015ء کو ری پولنگ کا اعلان کردیا۔ اس ضمن میں آر اوز سمیت دیگر متعلقہ افسران کو تمام تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔ واضح رہے خیبر پی کے میں 30 مئی کو ہونیوالے بلدیاتی انتخابات میں 356 پولنگ سٹیشنوں پر بدترین بدانتظامی، ہنگامہ آرائی، توڑپھوڑ اور دیگر بے قاعدگیوں کے بارے میں الیکشن کمشن کو رپورٹس فراہم کی گئی تھیں۔ متعلقہ آراوز نے بھی اپنے تحفظات سے الیکشن کمشن کو آگاہ کردیا تھا جس پر کارروائی کرتے ہوئے الیکشن کمشن نے صوبہ کے 356 پولنگ سٹیشنوں پر ری پولنگ کرانے کیلئے 5 جولائی کی تاریخ مقرر کردی تھی جس کیخلاف بلدیاتی امیدواروں سمیت متعدد ارکان اسمبلی نے حکم امتناعی حاصل کرنے کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کی تھی جس پر عدالت عالیہ کے جسٹس مسز ارشاد قیصر اور جسٹس محمد دائود خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے 14 جولائی کو جواب طلب کیا تھا جس پر عدالت عالیہ نے حکم امتناعی جاری کیا تھا عدالت عالیہ کے اس حکم نامہ کی روشنی میں الیکشن کمشن نے پشاور سمیت صوبہ کے 14 اضلاع میں قائم ان 356 پولنگ سٹیشنوں پرری پولنگ کرانے کیلئے 30 جولائی 2015ء کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے ری پولنگ کے انتظامات کی نگرانی پر فوج مقرر کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔