• news

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں کھلاڑیوں کو طلب کرنے کا فیصلہ

لاہور (چودھری اشرف) پاکستان ہاکی ٹیم کی اولمپک کوالیفائنگ راونڈ میں ناقص ترین کارکردگی پر فیڈریشن کی جانب سے بنائی جانے والی فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی نے سلیکشن کمیٹی کے ارکان اصلاح الدین، خالد بشیر، ایاز محمود، مصدق خان، کوچنگ سٹاف اور ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کو طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پی ایچ ایف فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج شاہد علی خان کی زیر صدارت ہوگا جس میں کمیٹی کے دیگر ارکان اولمپیئن منصور خان اور اولمپیئن محمد اخلاق شرکت کرینگے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی اجلاس میں سلیکشن کمیٹی کے ارکان سے وضاحت طلب کرئے گی کہ انہوں نے اتنی کمزور ٹیم کا انتخاب کیوں کیا جبکہ فیڈریشن کی جانب سے انہیں مکمل با اختیار بنایا گیا تھا جبکہ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں سے بھی پوچھا جائے گا کہ بیلجیئم میں ٹورنامنٹ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیوں نہیں کیا۔ کمیٹی نے ہیڈ کوچ شہناز شیخ کی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔ کمیٹی اپنی حتمی شفارشات تیار کر کے انہیں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اعلٰی حکام کو دینے کے ساتھ ساتھ اس کی ایک کاپی پاکستان سپورٹس بورڈ کو بھی بھجوائے گی تاکہ اصل حقیقت کا علم ہو سکے۔

ای پیپر-دی نیشن