حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کیخلاف ہر طبقہ سڑکوں پر احتجاج کر رہا ہے: محمود الرشید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف مینار پاکستان پر احتجاجی کیمپ لگانیوالوں کی آج خاموشی بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ ایک ہی بارش نے حکمرانوں کا پول کھول دیا ہے اور اب انہیں چاہیے کہ میٹرو کشتی سروس بھی شروع کر دیں۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ ہر طبقہ حکمرانوں کی ناکام پالیسوں کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کر رہا ہے اور نااہل حکمرانوں کی ناکام پالیسوں کی وجہ سے ملک میں جاری بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کی چیخیں نکال دیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بارشوں کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے اور سیلاب کے خطرات بھی سر پر منڈلا رہے ہیں اگر حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو بڑے جانی اور مالی نقصان کا خدشہ ہے۔