داعش کے گمراہ کن نظریات اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں: عبدالغفار روپڑی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا ہے کہ داعش کے گمراہ کن نظریات اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں، نفاذ شریعت کے نام پر انسانیت کاقتل عام کرنے والے اسلام دشمن قوتوں کی پیداوار ہیں۔ جہاد کے نام پرفساد فی الارض کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ فضائل جہاد کا درس دینے والے شرائط جہاد بھی بیان کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامع مسجد چوک دالگراں میں منعقدہ سالانہ ختم قرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے قرآن کریم کے فضائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم قیامت تک آنے ولالے انسانیت کو درپیش مسائل کا حل رکھتا ہے۔ قرآن کریم دُنیا اور آخرت کے نفع پر مبنی کتاب ہے جو کہ حیات انسانی کا نصاب ہے۔ قوموں کی بیماریوں کا واحد حل احکام قرآن پر عمل پیرا ہونے میں پوشیدہ ہے۔