انجمن تاجران خالد پرویز گروپ نے ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف 5 اگست کو ہڑتال کا اعلان کر دیا
اسلام آباد+لاہور (وقائع نگار خصوصی+کامرس رپورٹر) مرکزی انجمن تاجران پاکستان کے صدر خالد پرویز نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے 0.3فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کو نافذ کرنے کا فیصلہ واپس نہ لیا تو 5اگست کو پورے پاکستان میں ہڑتال کی جائے گی اور ملک بھر میں احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ملک بھر کے تاجر محب وطن اور ملک اور قوم کے لئے قربانی دینے کا جذبہ رکھتے ہیں مگر حکومت کسی غلط فہمی میں نہ رہے وہ تاجروں سے زبردستی اور بندوق کی نوک پر ٹیکس وصول نہیں کر سکتی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار من پسند تاجر تنظیموں کی مدد سے جو چاہیں فیصلہ کر لیں پاکستان بھر کی حقیقی تاجر تنظیمیں بینکنگ ٹرانزیکشن پر لگائے جانے والے اس ظالمانہ فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ خالد پرویز نے کہا پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں تاجروں، عوام، غریب لوگوں کے بنکوں میں پیسے رکھنے اور نکالنے پر ود ہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ کر دیا گیا، حکومت کے اس فیصلے سے ملک میں ہنڈی اور حوالہ کے کاروبار کو فروغ ملے گا اور لوگ بنکوں میں پیسے رکھنے سے گریز کریں گے۔لاہور سے کامرس رپورٹر کے مطابق آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اجمل بلوچ اور جنرل سیکرٹری نعیم میر نے (خالد پرویز گروپ) کی جانب سے 5 اگست کو ہڑتال کی کال سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔ نعیم میرنے کہا ہے کہ 24 جولائی کو لاہور میں ملکی سطح پر اجلاس پہلے ہی طلب کر رکھا ہے ۔