کراچی: علامہ عباس کمیلی کے بیٹے کے قتل کا اہم ملزم گرفتار
کراچی (صباح نیوز) کراچی پولیس نے جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی کے بیٹے اکبر کمیلی کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو نے بتایا کہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم ناصر دھوبی عرف بی بی سی کو منگھو پیر میں پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کیا گیا۔ ملزم ناصر اکبر کمیلی کے قتل سمیت 29 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے اور اس کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے ہے جس نے 5 افراد پر مشتمل ایک گروپ تشکیل دیا تھا جو ایک مخصوص فرقے کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ کرتا تھا جب کہ اس گروپ کے 3 ساتھی پہلے ہی جیل میں ہیں۔ واضح رہے علامہ عباس کمیلی کے صاحبزادے مولانا علی اکبرکمیلی کو گزشتہ سال 6 ستمبر کو عزیز آباد کے علاقے بنگوریہ گوٹھ میں واقع ان کی فیکٹری کے باہر فائرنگ کر کے ہلاک کردیا گیا تھا۔ غلام قادر تھیبو نے بتایا کہ ملزم کے تین ساتھی پہلے ہی جیل میں بند ہیں۔ سندھ میں 28 مدارس کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ضرورت پڑنے پر مدارس کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔