ملاوٹ مافیا کو آہنی ہاتھوں سے کچلیں گے‘ 4 ٹاسک فورسز بنا دیں: شہباز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس کے دوران پنجاب میں غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ اشیاء تیار اور فروخت کرنے والوں کے خلاف مربوط انداز میں کارروائی کیلئے 4 ٹاسک فورسز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبے کے جنوبی، مشرقی، مغربی اور شمالی ریجن کیلئے علیحدہ علیحدہ ٹاسک فورسز ہوں گی جو ملاوٹ اور غیر معیاری اشیاء کے دھندے میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں گی۔ اجلاس میں پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ میں ترامیم کا بھی فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری اشیاء کی تیاری و فروخت کے جرم کو ناقابل ضمانت قرار دیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف سزائیں مزید سخت کی جائیں گی اور بھاری جرمانے ہوں گے۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اشیائے خورد و نوش میں ملاوٹ کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں اور قانون کے تحت کڑی سے کڑی سزا کے حقدار ہیں۔ مربوط اور اجتماعی کاوشوں سے ملاوٹ مافیا کو آہنی ہاتھوں سے کچلیں گے، عوام کو ملاوٹ مافیا کے رحم و کرم پر کسی صورت نہیں چھوڑا جا سکتا۔ غیرمعیاری اور ملاوٹ شدہ اشیاء تیار کرنے والوں کے خلاف ایسی کارروائی کی جائے کہ ان کی آئندہ نسلیں بھی اس قبیح دھندے کا سوچ بھی نہ سکیں، یہی وجہ ہے کہ غیرمعیاری اور ملاوٹ شدہ اشیاء تیار و فروخت کرنیو الوں کے خلاف مربوط انداز میں کارروائی کیلئے پنجاب میں 4 ٹاسک فورسز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ ٹاسک فورسز اپنے متعلقہ ریجن میں ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کریں گی۔ ٹاسک فورسز کو اس کار خیر میں محنت، امانت اور دیانت کو شعار بنا کر کام کرنا ہوگا اور نتائج دینا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ملاوٹ شدہ و غیر معیاری اشیاء کی تیاری و فروخت کے جرم کو ناقابل ضمانت قرار دینے اور سزائیں سخت کرنے کے حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ میں ترامیم کے مسودے کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مردار اور حرام گوشت کے ساتھ ملاوٹ شدہ دودھ، خوردنی تیل، گھی اور مصالحہ جات تیار کرنے والے مافیا سے کوئی رو رعایت نہیں ہوگی۔ ملاوٹ شدہ و غیر معیاری اشیاء اور مردار گوشت فروخت کرنیو الے مافیا کا ناپاک گٹھ جوڑ توڑ کر دم لیں گے۔ غیرمعیاری، بیمار، مردار اور حرام گوشت کی فروخت کا قبیح دھندہ کسی صورت برداشت نہیں اور اس قبیح کاروبار میں ملوث عناصر مثالی اور سخت ترین سزا کے حقدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کھانے پینے کی اشیاء کے نام پر زہر کھلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ ادارے اس مافیا کے خلاف کارروائی میں بھرپور تعاون کریں۔ ریسٹورنٹس میں غیرمعیاری اشیاء سپلائی کرنے والے ذرائع بھی بند کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری اشیاء اور ملاوٹ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی قابل ستائش ہے، تاہم اسے مزید محنت سے کام کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے لاہور میں ریڑھیوں کی جیو ٹیگنگ کے پائلٹ پراجیکٹ تیار کرنے کیلئے کمشنر لاہور ڈویژن کو ہدایت کی۔ مزید برآں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کا اولین فرض ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور اس ضمن میںسیف سٹی ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے۔ پنجاب حکومت اس منصوبے پر عملدرآمد کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا قیام عمل میں لا چکی ہے۔ وہ گذشتہ روز ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جرائم میں کمی کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ وقت کی ضرورت ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے سیف سٹی پراجیکٹ پر کام کا آغاز کیا ہے اور لاہور کے بعد دیگر بڑے شہروں میں بھی سیف سٹی پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیرصدارت گذشتہ روز اعلیٰ سطحی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ خزانہ پنجاب میں اصلاحات کیلئے مجوزہ اقدامات پر عملدرآمد کی منظوری دی گئی۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وسائل کی بروقت تقسیم اور ان کا درست استعمال انتہائی ضروری ہے اور اس مقصد کے لئے محکمہ خزانہ کی استعداد کار بڑھانے کی ضرورت ہے۔محکمہ خزانہ میں اصلاحات کے لئے مرحلہ وار پروگرام پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیا جائے۔ عوام کو معیاری سروس ڈلیور ی کے لئے موثر مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے۔فنڈز کے اجراء اور اس کی باقاعدہ مانیٹرنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ فنڈ زکے اجراء کو سروس ڈلیور ی کے ساتھ منسلک کرنے کے حوالے سے ا قدامات کئے جائیں۔ اصلاحاتی پروگرام کے تحت ٹیکس پالیسی یونٹ بھی بنایا جائے گا۔محکمہ خزانہ میں اصلاحات کے پروگرام پر پیشرفت کا ذاتی طو رپر جائزہ لوں گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مالیاتی مانیٹرنگ کو موثر بنایا جائے۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز افضل کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔