• news

کوئی خواہ کچھ بھی کہے نواز‘ مودی ملاقات کا اعلامیہ بات چیت کی بنیاد پر ہو گا: بھارت

نئی دہلی(اے این این) بھارت نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی خواہ کچھ بھی کہے وزرائے اعظم (نواز شریف، مودی) کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ بات چیت کی بنیاد ہوگا۔ بھارتی میڈیا نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ بھارت تمام ممالک کے ساتھ اچھے اور پرامن تعلقات چاہتا ہے، ملک کی سلامتی اور تحفظ سب سے اہم ہے ۔ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ بات چیت میں دہشت گردی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ ادھر بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگرس نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات میں کوئی حیران کن پیشرفت نہیں ہوئی، زمینی صورتحال ویسی کی ویسی ہی ہے۔کانگرس کے رہنما اجے میکن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ روس کے شہر اوفا میں وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان ملاقات میں کوئی بریک تھرو ہوا نہ کوئی حیران کن پیشرفت، زمینی صورتحال ویسی کی ویسی ہی ہے، بریک تھرو کے حوالے سے بی جے پی کا مؤقف غلط ہے۔ بھارتی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے ساتھ درپردہ مذاکرات نہیں کرے گا، بات چیت صرف سرتاج عزیز اور بھارتی قومی سلامتی کے مشیر کے درمیان ملاقات میں ہو گی، یہ ملاقات چند ہفتوں میں متوقع ہے جس کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق پاکستان بھارت تعلقات کے حوالے سے حالیہ پیشرفت پر اعلیٰ حکومتی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر پر کوئی بیک چینل مذاکرات نہیں ہوں گے۔ جس کے بعد باہمی عمل کے ذریعے مذاکرات کو آگے لے جانے کے حوالے سے لائحہ عمل پر غور ہوگا ۔

ای پیپر-دی نیشن