• news

مقبوضہ کشمیر: یوم شہدا پر ہڑتال‘ مارچ روکنے کیلئے سرینگر میں کرفیو: شبیر شاہ‘ جاوید میر گرفتار

سرینگر (آئی این پی )مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے پیر کو یوم شہدا کشمیر منا یا۔اس موقع پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی، 84 سال قبل آج ہی کے دن جموں کشمیر سنٹرل جیل سری نگر کے احاطے میں بیس سے زائد کشمیری نوجوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے جس جدوجہد آزادی کا آغاز کیا تھا اس عمل کو جاری رکھنے کے لیے کشمیری ہر سال تجدید عہد کے طور پر 13 جولائی کو یوم شہدا کشمیر مناتے ہیں۔کٹھ پتلی انتظامیہ نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر سرینگر ڈائون ٹائون کے علاقوں میں سخت پابندیاں اور غیر اعلانیہ کرفیونافذاور بھارتی پولیس اور سینٹرل ریزروپولیس فورس کے اہلکاروں کی بڑی تعداد کو تعینات کردیا ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جامع مسجد سرینگر سے مزار شہداء نقشبند صاحب تک مارچ کوناکام بنانے کیلئے بھارتی فورسز کی بڑی تعداد کو تعینات کیاگیا ۔مارچ کی کال حریت رہنمائوں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک نے مشترکہ طور پر دی تھی۔انتظامیہ نے سرینگر کے مختلف علاقوں میں سخت پابندیاں عائد کردیں اور بیسیوں نوجوانوںکو گرفتار کرلیا۔ حریت رہنمائوں کو بھی مارچ کی قیادت کرنے سے روکنے کیلئے حراست میں لے لیاگیا یا پھر گھروں میں نظربند رکھا گیا۔ایک سینئر پولیس افسر نے صحافیوں کو بتایا کہ رعناواری ، خانیار ، نوہٹہ ، مہراج گنج، صفاکدل اورمائسمہ سمیت علاقوں میں سخت پابندیاںعائد کی گئیں۔ قابض انتظامیہ نے ریلی کی قیادت کرنے سے روکنے کے لیے حریت رہنمائوں کو گھروں میں نظربندکردیا ۔حریت رہنمائوں سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اور محمدیاسین ملک نے مزار شہداء کی طرف مارچ کی کال مشترکہ طورپر دی تھی تاہم انہیں مارچ سے قبل ہی گھروں میں نظربند کردیاگیا ۔حریت رہنما شبیر احمد شاہ نے جو گھر میں نظربند تھے پارٹی کارکنوں کے ہمراہ نقشبند صاحب کی طرف مارچ کی کوشش کی تاہم انہیں گرفتار کر کے صدر پولیس سٹیشن میں نظربند کردیاگیا۔انتظامیہ نے سرینگر کے علاقے ڈائون ٹائون میں کرفیو لگا کر مزار شہداء نقشبند صاحب کی مکمل طورپر ناکہ بندی کر دی ۔ادھر بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع پونچھ میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے بلنوئی میں شہید کیا۔ادھر ایک 53سالہ گڈریا مقصود احمد نے جو ضلع کارگل کے پہاڑی علاقے دراس میں اپنی بکریاچرارہا تھا ایک دھماکے میں جاں بحق ہو گیا ۔ مقبوضہ کشمیرمیں کولگام کے علاقے بوگام میں کشمیری نوجوانوں کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج اور مکمل ہڑتال کی گئی جس کی وجہ سے یاری پورہ کولگام روڑ پر گاڑیوںکی آمد ورفت بری طرح متاثرہوئی ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق علاقے میں تمام دکانیں بند رہیں اور سڑکوںخاص طورپر یاری پورہ کولگام روڈپرٹریفک بھی معطل رہی ۔ پولیس نے ہفتہ کو جھوٹے الزامات کے تحت چار کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا تھا جس کے خلاف علاقے میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔آن لائن کے مطابق کنٹرول لائن پر پونچھ سیکٹر میں بھارتی فوج کی ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ ایک شہری شہید ہونے پر پاک فوج کی طرف سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کا تبادلہ کچھ دیر تک جاری رہا۔ واضح رہے کہ رواں ہفتے ایل او سی پر بھارتی فوج کی طرف سے سیزفائر کی خلاف ورزی کا یہ تیسرا واقعہ پیش آیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن