گوجرانوالہ: ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت، 4بچوں کی ماں جاں بحق، ورثاء کی ہسپتال میں توڑپھوڑ
گوجرانوالہ + لاہور (نمائندہ خصوصی+ خصوصی رپورٹر ) ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث چار بچوں کی ماں جاں بحق ہو گئی، خاتون کے ورثاء کی ہسپتال میں توڑ پھوڑ پر ہسپتال انتظامیہ نے سکیورٹی طلب کر لی۔ تاج پورہ کی آمنہ بی بی کو طبیعت خراب پر ڈسٹرکٹ ہسپتال لایا گیا، جہاں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز نے لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاتون کو مبینہ طور پر غلط انجکشن لگا دیا جس سے وہ جاں بحق ہو گئی، جس پر آمنہ بی بی کے ورثاء نے ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت پر ہسپتال میں توڑ پھوڑ شروع کر دی جس سے ٹراما سنٹر میدان جنگ بن گیا۔ مشتعل افراد نے احتجاج کے دوران ڈاکٹروں کی کرسیاں اور میز بھی توڑ دیں اس دوران مظاہرین اور پیرا میڈیکل سٹاف کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی مگر ڈاکٹرز نے مظاہرین کا غصہ دیکھ کر ایمرجنسی چھوڑ کر موقع سے راہ فرار اختیار کر لی جبکہ ہسپتال انتظامیہ نے ٹراما سنٹر میں مز ید سکیورٹی تعینات کردی ہے، بعدازاں مظاہرین میت لیکر وہاں سے روانہ ہو گئے۔ واضح رہے اسی ہسپتال میں ایک ماہ ایک بچہ ڈاکٹروں کی عدم توجہ سے ہلاک ہوچکا تھا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے گوجرانوالہ میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے مریضہ کے جاں ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ہدایت کی ہے کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔