• news

پنجاب ،سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انتظامات، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے الیکشن کمشن سے رپورٹ طلب کر لی

اسلام آباد(صباح نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے الیکشن کمشن آف پاکستان سے پنجاب اور سندھ میں ستمبر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے انتظامات پر رپورٹ طلب کر لی ۔ان صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کو مرکزی و صوبائی حکومتوں کی مداخلت سے محفوظ رکھنے اور انتظامی مشینری کے اثرانداز ہونے سے بچانے کے لیے تیاریوں سے آگاہ کرنے کے بارے میں کہا گیا ہے۔24 جولائی کو قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں صوبہ خیبرپی کے میں حالیہ بلدیاتی انتخابات میں الیکشن کمشن کو پیش آنے والی مشکلات اور مسائل سے بھی کمیٹی کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پیر کو قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اس اہم اجلاس کے ایجنڈے سے متعلق نوٹسز الیکشن کمشن اور وزارت پارلیمانی امور کے اعلیٰ حکام کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔ اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں ہو گا ۔الیکشن کمشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ پنجاب اور سندھ میں ستمبر 2015ء میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے کمشن کی جانب سے کیے گئے انتظامات کے بارے میں کمیٹی ارکان کو بریفنگ دی جائیں تاکہ ممکنہ مشکلات کا قانونی حل تلاش کیا جا سکے۔ اس خبررساںادارے کے ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن آف پاکستان کے اعلیٰ حکام کو صوبہ خیبرپی کے میں 30 مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بد انتظامی و دھاندلی اور اس ضمن میں کمشن و خیبرپی کے حکومت کی ذمہ داریوں سے کمیٹی کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 30جولائی کو خیبرپی کے کے مختلف اضلاع میں بلدیاتی حلقوں کے 356 پولنگ سٹیشنوں میں دوبارہ ووٹ ڈالنے کے عمل کو صاف شفاف بنانے کے اقدامات سے بھی کمیٹی کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔کمیٹی صوبہ خیبرپی کے کے بلدیاتی انتخابات میں ہونے والی بد انتظامی اور دھاندلی سے پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں بچنے کے لیے کمشن کو پیشگی سفارشات سے آگاہ کرے گی ۔

ای پیپر-دی نیشن