عید سے قبل مہنگائی اور ملاوٹ کا طوفان
صوبائی دارالحکومت لاہورمیں رمضان کے آخری عشرہ میں اور عیدالفطر کے موقع پر ناجائزمنافع خوری عروج پر پہنچ گئی۔ دکاندار مقررہ سرکاری نرخوں سے 10 تا 100روپے کلو زائد سبزیاں پھل اور گوشت فروخت کررہے ہیں ۔
رمضان المبارک سے قبل مہنگائی کے اٹھنے والے طوفان نے روزہ داروں کیلئے مشکلات کھڑی کر دیں۔ اب عید کی آمد آمد ہے تو منافع خوروں نے مہنگائی کے طوفان میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ جہاں سبزیوں، پھلوں اور گوشت کی قیمت میں اضافہ ہوا وہیں دیگر اشیاء میں ملاوٹ کی بہتات بھی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ ملاوٹ مافیا کو آہنی ہاتھوں سے کچلیں گے۔ وزیر اعلیٰ اس مافیا کی سرپرستی کرنیوالوں کی گردن بھی دبوچیں جو انتظامیہ کا حصہ ہیں۔ شہروں میں کہیں بھی خالص دودھ نہیں ملتا۔ لاہور میں سرخ مرچ کے پرچون میں فروخت کے جو ریٹ جاری کئے گئے ہیں وہ مضحکہ خیز ہیں۔ ثابت مرچ 150 روپے کلو اور پسی ہوئی مرچ کا ریٹ 130 روپے ہے۔ کیا حکومتی ادارے خود ملاوٹ کرنیوالوں کی سرپرستی کر رہے ہیں؟ وزیر اعلیٰ منافع خوروں ملاوٹ کرنیوالوں اور انکے سرپرستوں کیخلاف سخت اقدام کرنے کیلئے خود متحرک ہوں اور اپنی ٹیموں کو بھی فعال کریں۔