الیکشن کمشن پنجاب میں ایک ہی دن بلدیاتی الیکشن کیلئے تیار، مرحلہ وار کیلئے بھی انتظامات
لاہور (جواد آر اعوان/ نیشن رپورٹ) الیکشن کمشن پنجاب میں بلدیاتی الیکشن شیڈول کے مطابق 20 ستمبر کو ایک ہی مرحلے میں کرانے کیلئے تیار ہے تاہم اس حوالے سے مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کیلئے بھی منصوبہ بندی اور انتظامات کر رہا ہے۔ الیکشن کمشن کے ذرائع نے ’’دی نیشن‘‘ کو بتایا کہ سندھ اور پنجاب کی حکومتیں سپریم کورٹ میں 2 یا 3 مراحل میں الیکشن کیلئے درخواستیں دے چکے ہیں۔ اس تناظر میں اگر سپریم کورٹ نے 2 مراحل میں بلدیاتی الیکشن کی اجازت دیدی تو پنجاب میں انتخابات میں دو ہفتے لگیں گے اور مراحل کی اجازت ملنے پر یہ انتخابات 3 ہفتے میں مکمل کئے جا سکیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ 3 مراحل میں انتخابات کی صورت میں الیکشن کمشن 15 ستمبر کو پہلے مرحلے کا آغاز کر سکتا ہے تاہم دو مراحل کی صورت میں آغاز 20 ستمبر کو ہی کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں حلقہ بندیوں کی حتمی لسٹ 28 جولائی کو جاری کی جائیگی جس کے بعد الیکشن کی تیاریاں تیز ہو جائینگی۔ ریٹرننگ افسروں اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسروں کی فہرستیں پہلے ہی جاری کر دی گئی ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو چیلنج کئے جانے کے حوالے سے ذرائع نے کہا کمشن ہر صورت میں الیکشن کروائیگا حتیٰ کہ سپریم کورٹ کی جانب سے روکے جانے کا حکم آ جائے۔