سکیورٹی اداروں پر تنقید کا حکومت خود جواب دے گی
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت نے سیاسی حلقوں کی جانب سے پاک فوج‘ رینجرز اور سیکورٹی فورسز پر کی جانے والی تنقید کا خود دفاع کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں ’’ناقدین‘‘ کو کما حقہ جواب دینے کی ذمہ داری وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو سونپ دی گئی ہے۔ چودھری نثار علی خان حکومت اور فوج کے درمیان ’’پل‘‘ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار علی خان جو ایم کیو ایم کے بارے میں اپنے دل میں نرم گوشہ رکھتے ہیں‘ ایم کیو ایم کی قیادت کو فوج کے بارے میں ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرنے کا مشورہ دیتے رہے ہیں لیکن اب انہوں نے بھی ایم کیو ایم کے بارے میں ایک پوزیشن لے لی ہے۔ ذرائع کے مطابق جب سابق صدر آصف علی زرداری نے فوج کی قیادت پر تنقید کی تھی تو چودھری نثار علی خان نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ماسکو میں جنرل راحیل شریف سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ فوج آصف علی زرداری کے الزامات کا جواب نہ دے حکومت خود سیاسی طورپر اس صورتحال سے نمٹ لے گی اب ایم کیو ایم کی طرف سے بھی فوج پر ہونے والی تنقید کا جواب خود حکومت نے دینے کا فیصلہ کی ہے۔