مظفر آباد، سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.0 ریکارڈ کی گئی
مظفر آباد +سوات (آن لائن+نوائے وقت رپورٹ) آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد سمیت گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مظفر آباد سمیت مانسہرہ اور بالا کوٹ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے ہیں۔ زلزلے کی شدت 3.8 تھی جبکہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ دوسری طرف سوات اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.0 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش اور گہرائی 10 کلومیٹر ہے۔ زلزلے کے جھٹکے مالاکنڈ، بٹ خیلہ اور لوئر دیر میں بھی محسوس کئے گئے۔