• news

نیب کو دوسروں کا احتساب کرنے سے پہلے خود کو رول ماڈل کے طور پر پیش کرنا چاہئے: قمر زمان

اسلام آباد (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چودھری کی ہدایت پر نیب میں بدعنوانی کے خاتمے اور فرائض کی ادائیگی میں معیاری اور مقداری بہتری لانے کیلئے ادارہ جاتی احتساب کا جامع طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ نیب کی طرف سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق قمر زمان چودھری نے چیئرمین نیب کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نیب میں رائج نظام پر جامع نظر ثانی کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نیب کو دوسروں کا احتساب کرنے اور ان کے کردار کے بارے میں فیصلہ سازی سے قبل خود کو رول ماڈل کے طور پر پیش کرنا چاہئے۔ نیب کے فرائض کے دائرہ کار کی مخصوص نوعیت کے پیش نظر یہ حکومت کے کنٹرول اور نگرانی میں نہیں آتا تاہم سپریم کورٹ‘ میڈیا اور سول سوسائٹی نیب کے ضوابط اور آپریشن کا جائزہ لے کر رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ بیان کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے نظریے پر عمل کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے کوئی بھی فرد انکوائری/ انوسٹی گیشن پر اثرانداز نہیں ہو سکتا مخصوص انسپکشن اور مانیٹرنگ ٹیموں کے ذریعے کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ ادارے میں پسند اور ناپسند کے کلچر کے خاتمے کے لئے کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے مقداری گریڈنگ سسٹم پر عمل کیا جا رہا ہے ان اقدامات کے مشترکہ اثرات کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں۔ ایسے عناصر جو نالائقی‘ غیر اخلاقی رویہ‘ نااہلی اور کام کرنے کے طریقہ کار کی خلاف ورزی کرکے ادارے کا نام بدنام کرتے ہیں ان سے سختی سے نمٹا جاتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن