مہنگائی نے تنخواہ داروں کی کمر توڑ دی‘ عید پر بیوی بچوں کے کپڑے جوتے خریدنا محال
لاہور (کامرس رپورٹر) مہنگائی اور بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث صوبائی دارالحکومت میں گز شتہ سال کے مقابلے میں رواں سال عید کی خریداری میں 50 فیصد کمی ہوئی ہے۔ مارکیٹوں میں خریداری کیلئے آنے والے شہریوں نے بتایا کہ ناجائز منافع خوری کے رجحان سے لوگوں کے بجٹ تباہ ہو گئے اور ان کی قوت خرید بری طرح متاثر ہوئی۔ انتظامیہ نے صرف رمضان بازار لگا کر فرض پورا کیا لوگوں کو دکاندار بے دھڑک لوٹتے رہے لوگوں کو رمضان المبارک کے پہلے ہی روز ایک کلو آلو 26 روپے کی بجائے 37روپے، ٹماٹر 65 روپے کلو، سیب 125 روپے اور انگور 340 روپے کلو تک خریدنا پڑا اب لوگوں کو بیوی بچوں کے کپڑوں جوتوں سمیت دیگر اشیا کی خریداری کیلئے مہنگائی کے منہ کھولے ہوئے اژدھے کا سامنا ہے۔ کپڑوں جوتوں سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال 50 فیصد سے زائد اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ عام آدمی، تنخواہ دار طبقہ بجلی اور دیگر بلوں کی ادائیگی کے بعد گھر کا کچن چلانے سے قاصر ہے۔ اس صورتحال میں لوگ کیسے عید کی خریداری کریں۔ اس حوالے آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ٹیکسوں اور لوڈشیڈنگ نے عوام کی کمر توڑ دی جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں صرف 45 فیصد رہ گئی ہیں۔ دریں اثناء گزشتہ روز ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 10 روپے کمی ہوئی اور ایک درجن فارمی انڈوں کی قیمت میں 2روپے اضافہ ہو گیا۔ آلو کچا چھلکا 26 کی بجائے 37، پیاز 36 کی بجائے42، ٹماٹر 36 کی بجائے60، لہسن دیسی 96 کی بجائے 130، لہسن چائنہ 120 کی بجائے 180، ادرک سنگاپور 114 کی بجائے210، ادرک چائنہ 160 کی بجائے 290، بینگن 17 کی بجائے27، پالک 20 کی بجائے 29، کھیرا 22کی بجائے 33، کریلے 23 کی بجائے 38، لیموں دیسی 102 کی بجائے 160،حلوہ کدو 17 کی بجائے 26، پھلیاں باریک 53 کی بجائے 70، بند گوبھی 39 کی بجائے50، پھول گوبھی 37 کی بجائے 57، سبز مرچ 33 کی بجائے 70، شملہ مرچ 48 کی بجائے 77، اروی48کی بجائے 65، گھیا کدو 20 کی بجائے 29، گھیا توری 22 کی بجائے 36، مٹر 116 کی بجائے 155 ، مولی 9 کی بجائے 15 ، بھنڈی38 کی بجائے 50 ، ٹینڈے دیسی27کی بجائے 50 ، پھلوں میں سیب وانا کی قیمت 80 کی بجائے 125، سیب سفید 108 کی بجائے 160 ، سیب کالا کولو پاکستانی 157 کی بجائے 240 ، کھجور عراقی 126 کی بجائے 200 ، آڑو85 کی بجائے 130 ، آلوبخارہ88 کی بجائے 130 ، آم سندھری 104 کی بجائے 120 ، کیلا اول درجن 92 کی بجائے 140 ، کیلا دوم درجن 66 کی بجائے 100 ، خربوزہ 42 کی بجائے 50 ،گرما 58 کی بجائے 69، ناشپاتی 74 کی بجائے 110، الیچی 206 کی بجائے 245، آم چونسہ 101 کی بجائے 125، آم انوررٹول 111 کی بجائے 130،انگور گولہ 126 کی بجائے200، انگور سندر خانی 221 کی بجائے 320،کھجور اصیل 110 کی بجائے 200 اور کھجور ایرانی 164 کی بجائے240 میں فروخت ہوئی۔ گزشتہ روز ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 242 سے کم ہو کر 232 ہو گئی جبکہ ایک درجن انڈوں کی قیمت 84 سے بڑھ کر 86 ہو گئی۔