ملکی تاریخ میں پہلی بار بائیو میٹرک نظام کے تحت الیکشن کرانے کی تیاریاں
اسلام آباد (آئی این پی) الیکشن کمشن نے ملکی تاریخ میں پہلی بار بائیو میٹرک نظام کے تحت الیکشن کے انعقاد کیلئے تیاریاں شروع کردیں، آزمائشی بنیادوں پر این اے19 ہری پور کے 50 پولنگ سٹیشنوں پر بائیو میٹرک نظام کے تحت الیکشن کرائے جائیں گے۔ منگل کو الیکشن کمشن کے ذرائع کے مطابق 100 سے زائد بائیو میٹرک مشینوں کی خریداری پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ بائیو میٹرک مشینوں کی خریداری کے حوالے سے پی ٹی اے اور وزارت آئی ٹی کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور مشینوں کی خریداری ایک نجی کمپنی سے کی جائے۔ مشینوں کی خریداری کے بعد نادرا ان میں ووٹرز کا ڈیٹا فیڈ کرے گا جس کے بعد مذکورہ مشینیں الیکشن کمیشن کے حوالے کردی جائیں گی۔ واضح رہے کہ ہری پور میں ضمنی انتخابات 16 اگست کو ہوں گے۔