• news

بھارت امریکہ سے اقتصادی امداد لینے والے ممالک میں سر فہرست، پاکستان کا 5 واں نمبر: رپورٹ

واشنگٹن(آئی این پی) امریکی امدادی ادارے یو ایس ایڈ نے کہا کہ امریکہ نے 1948ء سے 2012ء کے دوران بھارت کو سب سے زیادہ اقتصادی امداد دی، اسرائیل کو اسی مدت کے دوران فوجی امداد کی سب سے زیادہ مقدار فراہم کی، اقتصادی امداد کی مد میں 44.4 ارب ڈالرز کی وصولی کے ساتھ پاکستان پانچ سرفہرست ممالک میں شامل رہا، امریکہ سے سب سے زیادہ فوجی امداد حاصل کرنے والے دس ملکوں کی فہرست میں پاکستان کا نام شامل نہیں اور پاکستان نے اس عرصے میں امریکہ سے 12.9 ارب ڈالرز کی فوجی امداد وصول کی، پاکستان فوجی امداد حاصل کرنے والے ملکوں میں بارہویں نمبر پر ہے، سب سے زیادہ مجموعی غیرملکی امداد حاصل کرنے والے ملکوں کی فہرست میں پاکستان 57.3 ارب ڈالرز کے ساتھ گیارہویں نمبر پر رہا۔ امریکی امدادی ادارے یو ایس ایڈ کے مطابق امریکہ نے 66 برسوں کی اس مدت کے دوران 199 ارب ڈالرز کی سب سے بڑی غیرملکی امداد فراہم کی۔ اس اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 1948ء سے 2012ء تک بھارت نے تقریباً 65.1 ارب ڈالرز کی اقتصادی امداد وصول کی۔ واضح رہے اس مدت میں امریکہ کی جانب سے کل 200 ملکوں اور خطوں کو اقتصادی امداد فراہم کی گئی۔امریکہ سے 1948ء سے 2012ء کی مدت کے دوران اقتصادی امداد وصول کرنے والے دس ممالک میں ہندوستان 65.1 ارب ڈالرزکے ساتھ پہلے، اسرائیل 65 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے، برطانیہ 63.6 ارب ڈالرزکے ساتھ تیسرے، مصر 59.6 ارب ڈالرزکے ساتھ چوتھے، پاکستان 44.4 ارب ڈالرزکے ساتھ پانچوں، ویتنام 41 ارب ڈالرزکیساتھ چھٹے، عراق 39.7 ارب ڈالرزکے ساتھ ساتویں، جنوبی کوریا 36.5 ارب ڈالرزآٹھویں، جرمنی 33.3 ارب ڈالرزکے ساتھ نویں جبکہ فرانس 31 ارب ڈالرز ساتھ دسویں نمبر پر شامل تھے۔ ہندوستان کو دی گئی امریکی امداد مختلف شعبوں اور پروگراموں پر محیط ہے جن میں بچوں کی بقا اور صحت، ترقیاتی امداد، ایچ آئی وی/ایڈز کے لیے اقدامات، نقل مکانی اور پناہ گزینوں کے لیے امداد، امداد برائے خوراک اور نارکوٹکس کنٹرول کے لیے امداد شامل ہیں۔ اسرائیل کو دی گئی 65 ارب ڈالرز کی اقتصادی امداد کا بڑا حصہ اقتصادی سپورٹ فنڈ اور سکیورٹی سپورٹ امدادکے تحت دیا گیا اور 56.5 ارب ڈالرز ان پروگراموں کے تحت فراہم کیے گئے۔ اس کے مقابلے میں پاکستان کو اقتصادی امداد کی مد میں 44.4 ارب ڈالرز فراہم کئے گئے۔ ان میں سے 13.8 ارب ڈالرز یو ایس ایڈ کے پروگراموں کے لیے جبکہ 13.7 ارب ڈالرز اکنامک سپورٹ فنڈ اور سکیورٹی سپورٹ امداد کی مد میں دئیے گئے۔ اسرائیل نے 1946ء سے 2012ء کی مدت کے دوران 134 ارب ڈالرز کی فوجی امداد حاصل کی۔

ای پیپر-دی نیشن