سٹیٹ بینک کے باہر نئے نوٹوں کے غیرقانونی کاروبار میں تیزی
لاہور (کامرس رپورٹر) عید سے چندروز قبل سٹیٹ بینک کے باہر نئے کرنسی نوٹوں کے غیر قانونی کاروبار میں تیزی آگئی اور کرنسی کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں نے کرنسی نوٹوں کی طلب میں اضافے کے باعث نئے نوٹوں کی بلیک قیمت میں 350 روپے سے 550 روپے تک کا اضافہ کر دیا جس سے 10 روپے کے نئے نوٹوں کی گڈی کی قیمت جو 1000 روپے تھی 1350 روپے ہو گئی اسی طرح 20 روپے کے نئے نوٹوں کی گڈی کی قیمت 2000 روپے تھی اسے 2450 روپے میں فروخت کیا گیا۔ 50 روپے کی گڈی کی قیمت 5000 روپے تھی لیکن اسے 5450 روپے میں فروخت کیا گیا۔ 100 روپے کی گڈی کی قیمت 10000 روپے تھی لیکن اسے 10550 روپے ہو گئی۔ علاوہ ازیں سٹیٹ بینک کی واضح ہد ایات کے باوجود لوگوں کو اے ٹی ایم سے کرنسی نکلوانے میں مشکلات درپیش رہیں صوبائی دارالحکومت کے متعدد علاقوں سے لوگوں نے رابطہ کرکے بتایا کہ ان کے علاقوں میں اے ٹی ایم میں یا تو کیش نہیں ہوتا یا مشین کی سکرین پر لنک ڈاؤن ہونے کی معذرت نظر آتی ہے۔ انہوں نے سٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا کہ عید کے موقع پر بینکوں کے اکائونٹ ہولڈرز کو مسائل اور مشکلات سے بچانے کیلئے وہ بینکوں کو اے ٹی ایم کا نظام درست رکھنے میں کوتاہی پر بھاری جرمانے کرے۔ اس کے علاوہ صوبائی حکومتیں سٹیٹ بینک کے دفاتر کے باہر کرنسی کے غیر قانونی کاروبار پر قابو پانے کیلئے مؤثر اقدام کریں۔